شکتی کپور کا بیٹا اور شردھا کپور کا بھائی سدھانت کپور منشیات کیس میں گرفتار

بنگلور پولیس کا ہوٹل پر چھاپہ، بالی ووڈ اداکار کا بیٹا پارٹی میں بطور ڈی جے مدعو تھا، سدھانت کپور سمیت 5 ملزموں کے ڈرگ ٹیسٹ مثبت آگئے،آج عدالت میں پیش کیا جائے گا، پولیس

بالی ووڈ کے سینئر اداکار شکتی کپور کے بیٹے اور اداکارہ شردھا کپور کے بھائی  سدھانت کپور  کو بنگلو ر کی پارٹی میں منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیاگیا ہے، سدھانت کپور کا ڈرگ ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔

بھارتی حکام کے مطابق بنگلور پولیس نے خفیہ اطلاع پر  پارک ہوٹل میں منعقدہ پارٹی پر چھاپہ مارکر35 کےقریب مہمانوں کے طبی نمونے لیبارٹری ارسال کیے تھے جن میں سے سدھانت کپور سمیت 5 افراد کے نمونوں میں منشیات کی تصدیق ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

منی لانڈرنگ کے ملزم نے بالی ووڈ حسیناؤں کے نام اگل دئیے

بالی ووڈ اسٹارز اور ان کا اسٹاف پس پردہ جرائم میں ملوث

سدھانت کو بطور ڈی جے پارٹی میں مدعو کیا گیاتھا۔ان کے علاوہ مزید 4 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔بنگلور ڈسٹرکٹ جنرل آف پولیس بھیما شنکر کے مطابق  ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے پر سدھانت کپور سمیت 5 ملزموں کو گرفتار کیاگیا ہے، تمام ملزمان کو منشیات ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا ہے اور تمام ملزمان کو آج ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق تاحال یہ بات واضح نہیں کہ ملزمان منشیات لے کر ہوٹل میں آئے تھے یا پہلے ہی نشہ کرنے کے بعد ہوٹل آئے تھے۔یاد رہے  کہ اس سے قبل جون 2020 میں اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی  موت کے بعد سدھانت کپور کی بہن شردھا کپور کو بالی ووڈ اور ڈرگ مافیا کے نیکسس کا حصہ ہونے کے الزام میں تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ تحاریر