سلمان کے بعد قطرینہ، وکی اور سوارا بھاسکر کو بھی قتل کی دھمکیاں
نوبیاہتا جوڑے کو انسٹاگرام پر دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے،ملزم نے قطرینہ کا پیچھا بھی کیا،پولیس نےمقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا،سوارا بھاسکر کو گھر پر دھمکی آمیز خط موصول ہوا، بھارتی میڈیا

بھارتی اداکاروں کو قتل کی دھمکیاں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے بعد اداکارہ قطرینہ کیف ،انکے شوہر وکی کوشل اور ادکارہ سوارا بھاسکر کوبھی دھمکی آمیز پیغام موصول ہوئے ہیں۔
ممبئی پولیس نے اداکاروں کی شکایات پر مقدمہ درج کرکے قطرینہ اور وکی کوشل کو دھمکیاں دینے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے
سدھو موسے والا کے قاتل بےنقاب ہوگئے
مودی سرکار نے سدھو موسے والا کے آخری گانے پرپابندی لگادی
بھارتی میڈیا کے مطابق دھمکیوں کی نوعیت نہیں معلوم ہوسکی تاہم ممبئی پولیس نے وکی کوشل کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔وکی کوشل نے پولیس کو شکایت در ج کراتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ ایک شخص نے دھمکیاں دیں اور انسٹاگرام پر دھمکی آمیز پیغامات ارسال کیے ۔ وکی کوشل کے مطابق ملزم نے ان کی اہلیہ کا پیچھا کیا اور انہیں دھمکیاں بھی دیں۔
یاد رہے کہ بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور ان کےو الد سلیم خان کو بھی گلوکار سدھ موسے والا کے قتل میں ملوث بشنوئی گینگ نے حال ہی میں قتل کی دھمکیاں دی تھیں جس کےبعد سلمان خان اور ان کے اہلخانہ کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق بشنوئی گینگ بالی ووڈ اسٹارز سے بھتے کی رقم وصول کرنا چاہت ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار سلمان خان نے گزشتہ جمعے کو ممبئی کے نئے پولیس کمشنر وویک پھنسالکر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی۔پولیس ذرائع کے مطابق سلمان خان نے اسلحہ لائسنس کیلیے درخواست دی ہے۔دریں اثنا بالی ووڈ ادکارہ سوارا بھاسکر کو بھی خط کے ذریعے قتل کی دھمکی موصول ہوئی ہے جس کےبعد ممبئی پولیس نے نامعلوم ملزم کیخلاف ناقابل ضمانت جرم کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق اداکارہ کو ورسووا میں واقع ان کی رہائشگاہ پر دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے ورسوورا پولیس اسٹیشن سے رجو ع کیا۔
پولیس کے مطابق ہندی میں لکھے گئے خط میں سوارا بھاسکرکو گالیاں اور دھمکیاں دی گئی ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ملک کے نوجوان ویر ساورکر کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔ملزم نے خط کو دیس کے نوجوانوں سے منسوب کیا تھا۔









