شوبز انڈسٹری عمران خان کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئی

ارمینہ خان،عتیقہ اوڈھو،فریحہ الطاف اور  ماہین خان  نے عمران خان سے اظہار یکجہتی، وائٹل سائنز  کے تاسیسی رکن نصرت حسین کا عمران خان کی جدوجہد کا حصہ بننے کیلیے پاکستان واپسی کا اعلان

سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف دہشت گردی کے مقدمے کے اندراج اور ممکنہ گرفتاری کی اطلاعات سامنے آنے کےبعد شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد کھل کر ان کی حمایت میں سامنے آگئے۔

ارمینہ خان،عتیقہ اوڈھو،فریحہ الطاف اور  ماہین خان  نے عمران خان سے اظہار یکجہتی کیا ہے جبکہ میوزیکل بینڈ وائٹل سائنز  کے تاسیسی رکن نصرت حسین نے  عمران خان کی جدوجہد کا حصہ بننے کیلیے پاکستان آنے کا اعلان کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

فیروز خان کا عمران خان پردہشتگردی کے مقدمے کی اندراج پر ردعمل

سائرہ یوسف کی سیاسی مخالفت میں عفت عمر سے بدتمیزی

نصرت حسین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں اس نازک موڑ پر کیسے غیر جانبدار رہ سکتا ہوں، موسیقی انتظار کر سکتی ہے۔ میں کل اسلام آباد جا رہا ہوں اور ایک پیدل سپاہی کے طور پر اس جنگ میں  شرکت کروں گا۔

اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے لکھاکہ عمران خان اوپر دیکھتے رہیں، اللہ آپ کے ساتھ ہے اور وہ ہمیشہ آپ کا رہنما رہا ہے اور ہمیشہ رہے گا۔صرف اپنےلوگوں کے ساتھ سچے رہیں چاہے آپ کے راستے میں کچھ بھی آئے،ہمیشہ آخر میں سچ ہی کی جیت ہوتی ہے،اپنے مقصد پر جمے رہیں۔

فریحہ الطاف نے ہیش ٹیگ عمران خان ہماری ریڈ لائن کے ساتھ   لکھا کہ پاکستان میں جمہوریت ایک مذاق ہے،   عمران خان کو گرفتار کریں گے؟ شباز گل کی ویڈیوز خوفناک حد تک پریشان کن ہیں، مجھے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں ،لوگوں پر تشدد کیا؟ ہم کس قسم کی قابل رحم جگہ میں رہ رہے ہیں؟

ماہین خان نے لکھا کہ ایک جماعت کی مقبولیت سے سب کیوں  خوفزدہ ہیں؟ دھمکیوں اور گرفتاریوں کے بجائے برابری اور شفافیت کی بنیاد پر مقابلہ کیوں نہیں کرتے ؟

انہوں نے مزید لکھا کھیل کا میدان کھلاہے اور جو کچھ پیش کیا جارہا ہے لوگ اسے سننے کو تیار ہیں لیکن اس کے بجائے پتھر کے دور کی ذہنیت جس کی لاٹھی اسکی بھینس  کا استعمال کیا جارہا ہے۔

اداکارہ ارمینہ خان نے عمران خان کی تقریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی سے متعلق خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ جی جی ہمیں اندازہ ہے کہ اچھےاور سچے  لوگ کم ہی برداشت ہوتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر