دی لیجنڈ آف مولا جٹ بلاک بسٹر فلم قرار،پہلے دن کمائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

فلم نے پہلے دن پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریکارڈ 9.3 کروڑ روپے کا بزنس کرڈالا۔فلمی ناقدین نے دی لیجنڈ آف مولاجٹ کو لالی ووڈ کے مستقبل کے لیے گیم چینجر قرار دے دیا۔

پاکستان کی سب سے بڑے بجٹ کی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑدیے۔فلم نے ریلیز کے پہلے دن پاکستان سمیت دنیا بھرمیں ریکارڈ 9.3 کروڑ روپے کا بزنس کرڈالا۔

فلمی ناقدین نے بھی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ کو بلاک بسٹر اور لالی ووڈ کے مستقبل کے لیے گیم چینجر قرار دے دیا۔

یہ بھی پڑھیے

دی لیجنڈ آف مولاجٹ آج ریلیز ہوگی، پریمیئر میں حمزہ عباسی کی عدم شرکت

باکس آفس بالی ووڈ کیلیے ڈراؤنا خواب بن گیا، فلموں کی ناکامی کی وجہ کیا ہے؟

ذرائع ابلاغ میں زیرگردش اطلاعات کے مطابق   پاکستان کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم باکس آفس پر غیر معمولی کمائی کر رہی ہے۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی پہلے دن کی کمائی کے اعداد و شمار پر غور کرتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ بلال لاشاری کی یہ فلم کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دے گی۔

فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ نے  پہلے ہی  جوانی پھر نہیں آنی 2 کا ریکارڈ توڑ کر ایک بڑا اپ سیٹ کیا۔   فواد خان اور حمزہ علی عباسی کی فلم   نے اپنے پہلے دن پاکستان میں4.4   کروڑ کا بزنس کیا۔ اس فلم نے جوانی پھر نہیں آنی 2 کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس نے اپنے پہلے دن سب سے زیادہ 2.9 کروڑ کمانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اس فلم نے ایک اور ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے جو اس سے پہلے جوانی پھر نہیں آنی 2  نے قائم کیا تھا۔دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے پہلے دن بیرون ملک کمائی کے معاملے میں بھی جوانی پھر نہیں آنی 2 کو پیچھے چھوڑدیا ہے جس نے 2.2کروڑ روپے کا اوور سیز اوپننگ کا ریکارڈ قائم کیاتھا  جبکہ لیجنڈآف مولاجٹ نے پہلے روز بیرون ملک 4.9کروڑ ر وپے کا بزنس کیا  ہے۔

اگر مجموعی طور پر دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے پہلے دن کی کمائی کی بات کی جائے تو فلم نے  مجموعی طور پر  9.3 کروڑ   کا بزنس کیا ہے۔ یاد رہے کہ فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے فلم کی پہلے دن کی آمدنی سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنےکا اعلان کررکھا ہے۔

دوسری جانب ناقدین ہارون رشید، آمنہ عیسانی، عمیر علوی اور علی زین نےبلال لاشاری اور عمارہ حکمت کی اس شاہکار فلم کو بلاک بسٹر فلم قرار دےدیا۔

برطانوی نشریاتی ا دارے سے وابستہ انٹرٹینمنٹ رپورٹر ہارون رشید نے  اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ دیدنی ، شاندار تفریح ہے۔  اکثر اس پیمانے کی فلمیں توقعات پر پورا نہیں اترتیں،یہ ان سے بڑھ کر ہے۔ سنیمیٹک ، ٹھیٹریکل، تقریباً شیکسپیئر جیسی ہے،میں اسے دوبارہ دیکھنا چاہتا ہوں ، ہرطرح سے زبردست کام ہے! “

آمنہ عیسانی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہم سوئے پڑے تھے اور مولاجٹ کے افسانے کے خوف سے بیدار ہو گئے۔ اس فلم کا اثر برسوں تک گونجتا رہے گا، جب تک کہ یہ شاندار معیار پاکستانی سنیما کا معمول نہیں بن جاتا۔ اس فلم  نے تھیٹر کے عزائم کو سنجیدہ پنکھ دیے ہیں۔

معروف فلمی ناقد عمیر علوی نے فلم کو گیم چینجر قرار دیدیا۔ایک مکمل ایکشن فلم بنانے میں ہمیں 75 سال لگے۔ہماری مشہور ثقافت کا حصہ رہنے والی کہانی کو دوبارہ بیان کرنے پر  بلال  لاشاری ، عمارہ حکمت، ماہرہ خان ، حمائمہ ملک، حمزہ عباسی ، گوہر رشید اور فواد خان  کو خراج تحسین۔ لیجنڈ آف مولا جٹ   گیم چینجر ہے!۔

معروف تبصرہ نگار علی زین نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ لیجنڈ آف مولا جٹ ہماری تاریخ کی بڑی فلموں میں سے ایک ہے! فواد اور حمزہ نے مولا اور نوری کے طور پر شاندار کام کیا ہے۔ لیکن جہاز کے کپتان بلال لاشاری نے اسے ایک شاندار ماسٹر پیس بنا دیا ہے! یہ فلم دہائیوں تک یاد رکھا جائےگی، فلمسازوں بلال لاشاری اور عمارہ حکمت کو سلام ہے۔

متعلقہ تحاریر