شرلین چوپڑا کا ساجد خان پرجنسی ہراسانی کا الزام، بگ باس سے نکالنے کامطالبہ
قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں،ساجد خان کو گرفتار کیا جائے اور بگ باس کی بقیہ اقساط کو نشر ہونے سے روکاجائے، بے باک اداکارہ کی ممبئی پولیس کو درخواست
بے باک بالی ووڈ اداکارہ شرلین چوپڑا نے معروف ہدایت کار ساجد خان کیخلاف جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس میں درخواست جمع کرادی۔
اداکارہ نے ہدایت کار کو معروف ریئلٹی شو بگ باس سے نکالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں،ساجد خان کو گرفتار کرکے حوالات میں ڈالا جائے۔
یہ بھی پڑھیے
ہالی ووڈ اداکار کیون اسپیسی جنسی ہراسانی کے ایک مقدمے سے بری
معروف امریکی کامیڈین پر جنسی ہراسانی کا الزام ثابت،لاکھوں ڈالر جرمانہ
بھارتی میڈیا کے مطابق شرلین چوپڑا نے ممبئی کے مقامی پولیس اسٹیشن میں ساجد خان کے خلاف درخواست جمع کروائی ہے۔ اداکارہ نے ساجد خان پر الزام عائد کیا ہے کہ 2005 میں ساجد خان کی جانب سے انہیں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
شرلین چوپڑا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ درخواست کی دفعات ابھی نہیں بتا سکتے، لیکن یہ ضرور بتا سکتے ہیں کہ یہ درخواست خاتون کی عزت کو غیرمحفوظ بنانے کے خلاف دائر کی گئی ہے۔ ہم نے یہ بھی بتایا ہے کہ کیسے ساجد خان بگ باس شو میں اپنے ماضی کے داغ صاف کرنے آئے ہیں۔
شرلین چوپڑا کے وکیل کا کہنا تھا کہ شرلین نے ساجد خان کے خلاف جنسی ہراسانی کے جرم میں درخواست دائر کی ہے جبکہ درخواست میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ساجد خان کو بگ باس شو سے فوری طور پر نکالا جائے اور وہ کلرز ٹی وی کو بھی قانونی نوٹس بھیج رہے ہیں کہ بگ باس شو کی جن اقساط میں ساجد خان ہیں، انہیں ٹی وی پر نشر نہ کیا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ساجد خان پر کئی مرتبہ جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کئے جا چکے ہیں، بھارتی اداکارہ مندنہ کریمی، بھوجپوری اداکارہ رانی، ہدایتکارہ سلونی چوپڑا بھی ساجد خان پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگا چکی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ساجد خان کے خلاف ’می ٹو‘ مہم چلائی جا رہی ہے جس میں بھارتی صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ انہیں بگ باس نے نکالا جائے۔ دوسری جانب بالی ووڈ کے اداکار علی فضل اور تنوشری دتہ نے بھی ساجد خان کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے انہیں بِگ باس سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔