دی کراؤن : ہمایوں سعید کی ڈاکٹر حسنات کے کردار میں پہلی جھلک
شہزادی ڈیانا کی وجہ سے ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کرنا بہت بڑی ذمہ داری تھی ، ہمایوں سعید کی امریکی میگزین ورائٹی سے گفتگو

آنجہانی ملکہ برطانیہ کی زندگی پر بننے والے نیٹ فلکس سیریز دی کراؤن کے سیزن 5 میں شہزادی ڈیانا کے دوست ڈاکٹر حسنات کاکردار ادا کرنےوالے پاکستانی اداکار ہمایوں سعیدکی پہلی جھلک سامنے آگئی۔
پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر حسنات خان لندن کے رائل برومپٹن اسپتال میں دل کے سرجن تھے جہاں ان کی شہزادی ڈیانا سے پہلی مرتبہ 1995 میں ملاقات ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
نیٹ فلکس اور دی کراؤن نے ملکہ الزبتھ کی موت کیلیے تیاری کر رکھی تھی
ہمایوں سعید نیٹ فلکس کی ہٹ سیریز ’دی کراؤن‘ میں کردار ادا کریں گے
نیٹ فلکس سیریز”دی کراؤن“میں ڈاکٹر حسنات اور شہزادی ڈیانا کو اس وقت پہلی مرتبہ ملتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب وہ اپنی دوست کےشوہر کی ڈاکٹر حسنات کے ہاتوں سرجری کے موقع پر عیادت کے لیے اسپتال آتی ہیں۔
ڈاکٹر حسنات خان نے2008 میں شہزادی ڈیانا کی موت کی تحقیقات کے دوران میٹروپولیٹن پولیس کو اپنا 2004کا ایک بیان جمع کرایا تھا جس میں انہوں نے اعتراف کیا تھاکہ وہ 1995سے 1997 تک آنجہانی شہزادی کے ساتھ تعلقات میں تھے۔
View this post on Instagram
ڈاکٹر حسنات نے مزید بتایا تھا کہ بعدازاں شہزادی نے تعطیلات کے دوران محمد الفائد اور ان کے خاندان سے ہونے والی ملاقات کے بعد دودی الفائد کیلیے ان سے تعلقات ختم کردیے تھے۔بعدازاں دودی الفائد اور شہزادی ڈیانا 1997 میں ایک پراسرار کار حادثے کے دوران انتقال کرگئے تھے۔
اداکار ہمایوں سعید نے ورائٹی کو بتایاکہ”ڈاکٹر حسنات خان اور شہزادی ڈیانا ایک دوسرے سے بالکل مختلف تھے۔ وہ ہر لحاظ سے ایک بہت عام آدمی تھے اور مجھے لگتا ہے کہ اسی چیز نے شہزادی ڈیانا کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ ان کی طبیعت اور سادگی نے انہیں شہزادی ڈیانا کے لیے خاص بنا دیا“۔
ہمایوں سعید نے مزید کہا کہ”میں نےآج تک اسکرین پر حقیقی زندگی کا کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے اورسب جانتے ہیں کہ شہزادی ڈیانا کی وجہ سے ڈاکٹر حسنات خان کا کردار ادا کرنا بہت بڑی ذمہ داری تھی ،مجھے یقین ہے کہ سامعین اس رشتے کی سادگی اور اسکرین پر اس کی تصویر کشی کو پسند کریں گے“۔
ہمایوں سعید نے بطور اداکار 1999 میں لالی ووڈ فلم”انتہا“ سے اپنے فلمی سفر کا آغازکیا تھا، اس سے قبل وہ پاکستان ٹیلی وژن کے متعدد ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے تھے۔
View this post on Instagram
وہ 2015 کی ایڈونچر کامیڈی فلم”جوانی پھر نہیں آنی“ کے حوالے سے جانے جاتے ہیں ، جس کے لیے انہیں نے بہترین اداکار کے اے آر وائی ایوارڈ سے نوازاگیا تھا۔ 2018میں اس فلم کا سیکوئل”جوانی پھر نہیں آنی 2“ بھی خاصہ پسند کیا گیا تھا۔
ہمایوں سعید کی دیگر کامیاب فلموں میں رومانوی کامیڈی”پنجاب نہیں جاؤں گی“بھی شامل ہے جسے انہوں نے بطور فلمساز خود تیار کیا تھا اس کے علاوہ وہ سائنس فکشن فلم”پروجیکٹ غازی“میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں جبکہ رواں برس کے آغاز میں ہی ہمایوں سعید کی پیشکش ایک اور فلم”لندن نہیں جاؤں گا“بھی خاصی کامیاب رہی ہے۔