دی لیجنڈ آف مولاجٹ کا برطانیہ میں کھڑکی توڑ بزنس، آر آر آر کو پچھاڑ دیا

دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے 27 اکتوبر تک شمالی امریکا کے باکس آفس پر 56ہزار586 ڈالر اور برطانیہ کے باکس آفس پر 46ہزار825 ڈالر کمائے۔

پاکستانی فلم انڈسٹری لالی ووڈ کی تاریخ کی سب سے بڑی فلم”دی لیجنڈ آف مولاجٹ “ دنیا بھر کے سنیماز میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھ رہی اور ہر روز فلم کی کامیابی سے متعلق نئی خبریں سامنے آرہی  ہیں۔

اور اب  ہدایت کار بلال لاشاری نے دعویٰ کیاہے کہ دی لیجنڈ آف مولاجٹ نے برطانیہ میں کمائی کے حساب سے کامیاب ترین بھارتی فلم آر آر آر کو پیچھے چھوڑدیا  ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بھارتی فلمساز کرن جوہر بھی دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے مداح نکلے

دی لیجنڈ آف مولا جٹ 100 کروڑ کمانے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی

 

ہدایت کار بلال لاشادی نے  گزشتہ روز اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ”برطانیہ میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے آر آر آر کے لائف ٹائم باکس آفس  کو پیچھے چھوڑ دیا ہے“۔

پنک ولا کے مطابق ہدایت کار ایس ایس راجامولی کے شاندار ایکشن ڈرامے آر آر آر میں این ٹی آر جونیئر اور رام چرن نے مرکزی کردار  اداکیا ہے ۔ فلم بھارت میں 902 کروڑ روپے اور دنیا بھر میں ایک ہزار 111 کروڑ روپے کا کاروبار کرکے باکس آفس پر اپنی دوڑ مکمل کرچکی ہے۔

فلم آر آر آر  اپنی ریلیز کے ساتھ ہی باکس آفس پر سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی دوسری فلم بن گئی تھی تاہم گزشتہ ماہ’کے جی ایف 2‘ نے اسے پچھاڑ دیا ہے اور اب یہ تیسرے نمبر پر ہے۔ برطانیہ میں آر آر آر نے 1.38 ملین ڈالر  کا بزنس کیا تھا۔

دوسری جانب دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے 27 اکتوبر تک شمالی امریکا کے باکس آفس پر 56ہزار586 ڈالر اور برطانیہ کے باکس آفس پر 46ہزار825 ڈالر کمائے۔

ادھر دیوالی کے موقع پر  بالی ووڈ کی  دونئی فلمیں  اکشے کمارکی’ رام سیتو‘ اور سدھارتھ ملہوترا اور اجے دیوگن کی ’تھینک گاڈ ‘ سینما گھروں کی زینت بنیں لیکن دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی صورت میں انہیں بیرون ملک سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔

فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور حمیمہ  ملک  سمیت دیگر کاسٹ پر مشتمل فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ 2ہفتے سنیما گھروں کی زینت بنی تھی لیکن یہ اب بھی امریکی اور برطانوی باکس آفس پر دونوں بھارتی فلموں کو پچھاڑ رہی ہے۔

بالی ووڈ ہنگامہ کے مطابق دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے برطانیہ میں اپنے 13 دنوں کی نمائش میں 56 اسکرینز سے حیران کن طور پر 46ہزار 825ڈالر کمائے ۔ اس کے ساتھ ہی بدھ کو سینما گھروں کی زینت بننے والی بالی ووڈ کی دونوں فلمیں’تھینک گاڈ ‘83 اسکرینز سے  19ہزار472ڈالر  اور رام سیتو نے 95 اسکرینز سے  16ہزار595 ڈالر کمائے ۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے امریکامیں 90 اسکرینز سے  56ہزا586 ڈالر کا بزنس کیا جبکہ رام سیتو نے 354 اسکرینزسے 48ہزار330ڈالر اکٹھے کیے  جبکہ تھینک گاڈ نے  امریکا میں 228 اسکرینز سے  40ہزار358 ڈالر کمائے۔

واضح رہے کہ  پاکستان کی سب سے مقبول اور سب سے بڑی فلم”دی لیجنڈ آف مولاجٹ “دنیا بھر میں 100 کروڑ  روپے کاکاروبار کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ایگزیکٹو پروڈیوسر عمارہ حکمت نے بتایا کہ فلم نے ریلیز کے 10 دنوں میں دنیا بھر میں 100 کروڑ روپے کمائے۔ یہ برطانیہ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی زبان کی فلم بھی بن گئی ہے۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو 13 اکتوبر کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کیا گیاتھا۔ یہ فلم 1979 کے کلٹ کلاسک مولا جٹ کا ری میک ہے جس میں دنیا بھر کے ناظرین کے لیے پنجابی سپر ہیرو کا نیا تصور پیش کیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر