حکومتی کمیٹی کی سینسر بورڈ کو جوائے لینڈ پر پابندی سے متعلق نظرثانی کی ہدایت

متنازعہ فلم جوائے لینڈ کی نمائش پر پابندی پرنظرثانی سے متعلق وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی نے سینٹرل سینسر بورڈ حکام کو ہدایات جاری کی ہے کہ فلم کا دوبارہ جائزہ لیکراس کی نمائش کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے، متنازعہ فلم 18 نومبر سے ملک میں نمائش کیلئے پیش کی جانے تھی

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فلم جوائے لینڈ پرلگائی گئی پابندی سے متعلق نظر ثانی کے لیےبنائی گئی کمیٹی نے سینسر بورڈ حکام کو فلم کا ایک بار دوبارہ سے جائزہ لینے کی ہدایات جاری کردیں ہیں۔

آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد پاکستانی فلم جوائے لینڈ کی نمائش پر پابندی سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے تشکیل دی گئی ایک خصوصی کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ سینٹرل بورڈ آف فلم سینسر  جوائے لینڈ کا دوبارہ جائزہ لے ۔

یہ بھی پڑھیے

فلم جوائے لینڈ پر پابندی کا مطالبہ کرنے والی ماریہ بی کا دہرا معیار بے نقاب

کمیٹی نے سینٹرل سینسر بورڈ کو جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جوائے لینڈ کا ایک مرتبہ دوبارہ سے جائزہ لیکر ملک میں اس کی نمائش کے حوالے سے مناسب فیصلہ کیا جائے۔ غیراخلاقی ہونے کی باعث فلم  پر پابندی لگی  ہے ۔

کمیٹی میں وزیر برائے سیاسی امور، اقتصادی امور و قانون و انصاف، وزیراطلاعات و نشریات، وزیر مواصلات، وزیر سرمایہ کاری بورڈ، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، وزیراعظم کے مشیر برائے گلگت بلتستان، چیئرمین پی ٹی اے شامل ہیں۔

پی ایم ہاؤس کی جانب سے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں تجویز کیا گیا تھا کہ وہ "مذکورہ فلم کے خلاف سماجی اور اخلاقی اصولوں کے خلاف ہونے والی شکایات پر غور کرے گی، اور فالو اپ کارروائی کی سفارش کرے گی۔

یادرہے کہ چند روز قبل پروڈکشن ہاؤس کھوسٹ فلم نے اعلان کیا تھا کہ جوائے لینڈ کی 18 نومبر سے پاکستان میں نمائش  پیش کردی جائے گی ۔ فلم کے ہدایت کار صائم صادق ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ٹرانس جینڈر لو اسٹوری: فلم جوائے لینڈ پاکستان میں ریلیز سے قبل تنازعات کا شکار

فلم کے مرکزی کرداروں میں علینہ خان ثروت گیلانی، سلمان پیرزادہ، ثانیہ سعید، راستی فاروق، سہیل سمیر،علی جونیجو اور دیگر شامل ہیں۔ فلم  پاکستان میں ریلیز سے قبل ہی عالمی سطح پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھ چکی ہے۔

کانز فلمی میلے اور ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں اسکریننگ کےموقع پر شرکا نے فلم کیلئے کھڑے ہوکر تالیاں بجائی تھیں جبکہ  انڈین فلم فیسٹیول آف میلبرن میں اس فلم کو برصغیر کی بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

جوائے لینڈ ایک جذباتی ڈرامہ فلم  ہے جو ایک شادی شدہ شخص کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو ایک ٹرانس جینڈر سے محبت کرتا ہے اور اپنے خاندان کے روایتی تصور اور اپنی پسند کی زندگی گزارنے کی خواہش کے درمیان پھنس جاتا ہے۔

متعلقہ تحاریر