فلم جوائے لینڈ کو نمائش کی اجازت مل گئی،کل ملک بھر میں ریلیز کی جائیگی

وزیراعظم کی قائم کردہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی اور فلم سنسر بورڈ نے نظرثانی کے دوران فلم کے مزید 7 مناظر کو نکال کر فلم کو نمائش کیلیے موضوع قرار دیدیا

وزیراعظم شہباز شریف کی قائم کردہ کمیٹی اور سینٹر فلم سنسر بورڈ کے فُل بورڈ نے نظرثانی کے بعد لالی ووڈ کی نئی فلم’جوائے لینڈ ‘ ملک بھر میں نمائش کی اجازت دیدی۔

فلم’جوائے لینڈ ‘اپنے شیڈول کے مطابق کل بروز جمعہ ملک بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کردی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

فلم جوائے لینڈ  آسکرایوارڈز  2023کیلیے پاکستان کی طرف سے نامزد

فلم جوائے لینڈ کی  ٹورنٹو فلمی میلے میں بھی زبردست پذیرائی

وزیراعظم  کی قائم کردہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی اور فلم سنسر بورڈ نے نظرثانی کے دوران فلم کے مزید 7 مناظر کو نکال کر فلم کو نمائش کیلیے موضوع قرار دیدیا جس کے بعد فلم جوائے لینڈ کل ملک بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کردی جائے۔

اس سے قبل وزارت اطلاعات و نشریات نے فلم جوائے لینڈکے حوالے سے تحریری شکایات موصول ہونے کے بعد فلم سنسر بورڈ کے جاری کردہ سرٹیفکیٹس کو منسوخ کرتے ہوئے ملک بھر میں اسکی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے  شوبزانڈسٹری اور سوشل میڈیا کے سخت ردعمل کے بعد فلم پر عائد پابندی پر نظرثانی کیلیے ایک سطح کی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے فلم  جوائے لینڈ کے فل بورڈ نظرثانی کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم کے پاکستان اسٹرٹیجک ریفارمز کے سربراہ ڈاکٹر سلمان صوفی نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے فلم  کو نمائش کی اجازت ملنے کی خبر شیئر کرتے ہوئے  لکھا کہ اظہار رائے کی آزادی بنیادی حق ہے اور اسے قانون کے دائرہ کار میں رکھا جانا چاہیے۔انہو ں نے پاکستان میں آزادی اظہار رائے کے تحفظ کو یقینی بنانے پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا شکریہ ادا کیا۔

ہدایت کار صائم صادق کی تحریر کردہ فلم جوائے لینڈ میں علینا خان،ثروت گیلانی،علی جونیجو، راستی فاروق ، ثانیہ سعید،سلمان پیرزادہ اور سہیل سمیر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔فلم کی پروڈکشن ٹیم میں سرمد سلطان کھوسٹ،اپوروا گروچرن،ثنا جعفری،اولیور رج،لارین مین اور دیگر شامل ہیں۔

فلم جوائے لینڈ کورواں سال 95ویں  آسکر ایوارڈ  میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کے زمرے میں پاکستان کی طرف سے باقاعدہ طورپر نامزد کیا گیا ہے۔

 فلم جوائے ایک جذباتی ڈرامہ فلم  ہے جو ایک شادی شدہ شخص کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو ایک ٹرانس جینڈر سے محبت میں مبتلا ہوجاتا ہے لیکن اپنے خاندان کے روایتی تصور اور اپنی پسند کی زندگی گزارنے کی خواہش کے درمیان پھنس جاتا ہے۔

View this post on Instagram

A post shared by Sarwat G (@sarwatg)

فلم  پاکستان میں ریلیز سے قبل ہی عالمی سطح پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھ چکی ہے۔ کانز فلمی میلے اور ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں اسکریننگ کےموقع پر شرکا نے فلم کیلیے کھڑے ہوکر تالیاں بجائی تھیں جبکہ  انڈین فلم فیسٹیول آف میلبرن میں اس فلم کو برصغیر کی بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر