سابقہ اہلیہ پر تشدد کا الزام: فیروز خان کی مخالفت میں کمی نہ آسکی

فیروز خان کو ایوارڈ سے نوازنے پر فیشن ڈیزائنر ماہین خان بھی پھٹ پڑیں، اپنے تمام لکس اسٹائل ایوارڈز واپس کرنیکا اعلان کردیا، مریم نفیس کی ایوارڈ شو میں شرکت پر وضاحت، فیروز کیساتھ کام کرکے کبھی اچھا محسوس نہیں کیا، اقرا عزیز

سابقہ اہلیہ پر تشددکے الزامات کا سامنا کرنے والے  اداکار فیروز خان کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ لکس اسٹائل ایوارڈز 2022 میں بہترین اداکار کا ویورز چوائس ایوارڈ جیتنے کے باوجود اداکار کو اپنی ہی انڈسٹری سے شدید مخالفت کا سامنا ہے۔

فیروز خان کو ایوارڈ نے نوازنے پر عالمی شہرت یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے کے بعد معروف فیشن ڈیزائنرماہین خان نے بھی آج تک ملنے والے اپنے تمام لکس اسٹائل ایوارڈز واپس کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

میرا سیٹھی اداکار فیروز خان کے سابق سسر کی تکلیف دہ گفتگو سامنے لے آئیں

انڈسٹری سے شدید مخالفت کے باوجود فیروز خان کو پرستاروں کی حمایت حاصل

 سابقہ اہلیہ سے بدسلوکی کے مرتکب فیروز خان کو ایوارڈ سے نوازنے پر فیشن ڈیزائنر ماہین خان نے لکس اسٹائل ایوارڈز کے منتظمین سے شدید احتجاج کیا ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Maheen Khan (@mkmaheen)

ماہین خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ”ایک ایسی دنیا میں جہاں ہر تین میں سے ایک عورت کو جسمانی یا جنسی زیادتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جہاں عصمت دری اور گھریلو زیادتیوں کا کوئی پتہ نہیں چلتا، یہ ضروری ہے کہ آواز رکھنے والوں کو اس کا استعمال کرنا چاہیے۔ خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ جسمانی زیادتی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، آج کسی کی بیٹی ہے کل آپ کی ہو سکتی ہے“۔

انہوں نے کہا کہ”جب کہ ہم میں سے بہت سے لوگوں نے زینب، نور اور دیگر کے قتل کے خلاف آواز اٹھائی ہے ایسے میں حالیہ ایوارڈ شو کو نظر انداز کرنا اور اس پر بے حسی کا مظاہرہ کرنا ایک دھوکا ہے۔میں اپنے پورے ہوش وہواس   کے ساتھ   اب  خود  کو کسی ایسی تقریب سےمنسلک نہیں کرسکتی جو ان کی حالت زار کو نظر انداز کرتی ہو“۔

انہوں نے کہا کہ”میں ان لوگوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر اپنے لکس اسٹائل ایوارڈز واپس کروں گی جو تشدد سے آزاد زندگی گزارنے کے اپنے بنیادی انسانی حق کی خلاف ورزی کا شکار ہیں۔ یہ ایک افسوسناک دن ہے کیونکہ مجھے لکس اسٹائل ایوارڈ شو سے ایسی امیدیں تھیں کہ یہ صرف اسٹائل کا چیمپئن نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو خواتین کے لیے انصاف کو فروغ دیتا ہے اور ہر اس بچے اور عورت کے لیے امید کی کرن بن کر کھڑا ہوتا ہے جس کی حق تلفی کی گئی ہو“۔

دوسری جانب اداکارہ مریم نفیس نےلکس اسٹائل ایوارڈز میں شرکت کے بعد  انسٹاگرام پراپنی صفائی پیش کی ہے۔اداکارہ نے  واضح کیا کہ”میں اپنی سرگرمی پر اٹھائے گئے سوالات کو مسترد کرتی ہوں   کیونکہ،کیا آپ نے مجھے کسی بدسلوکی یا ہراساں کرنے والے کا انٹرویو  کرتے دیکھا؟ کیا آپ نے مجھے ان کے ساتھ  فریم میں دیکھا؟ کیا آپ نے مجھے ان کے لیے خوش ہوتے دیکھا؟‘‘

انہوں نے کہا کہ” جن چیزوں کا مجھ پر الزام لگایا جا رہا ہے ان میں سے کسی کی بھی میں نے حمایت نہیں کی اور نہ ہی کرتی ہوں۔ میرا موقف نہیں بدلا اور نہ بدلے گا۔ میں وہاں اپنا کام کرنے  گئی تھی“۔

انہوں نے کہاکہ” میں نے ہمیشہ بدسلوکی اور ہراسانی کیخلاف آواز اٹھانے میں خود کو سب سے اوپر جانا ہے، آپ ہمیشہ مجھے متاثرین کے ساتھ کھڑا پائیں گے“۔

دریں اثنا ڈرامہ سیریل خدا اور محبت میں اداکار فیروز خان کے مدمقابل اداکاری کرنے والی  اقراعزیز  نے واضح کیا کہ انہوں نے فیروز خان کے ساتھ کام کرکے کبھی اچھا محسوس نہیں کیا۔

ایکسپریس ٹی وی کے پروگرام میں اقرا عزیز نے کہا کہ اداکار فیروز خان کے ساتھ کام نہ کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا تھا۔ ان کے ساتھ کام کے دوران خود کو ریلیکس محسوس نہیں کرتی تھی۔ ہر کسی کو اپنا فیصلہ کرنا کا اختیار ہے۔ مجھے خود کے لیے جو ٹھیک لگا وہ فیصلہ کیا۔

اقرا عزیز کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بالی وڈ سے کبھی کام کی آفر نہیں ہوئی۔ خوا مخواہ جھوٹ نہیں بول سکتی کہ مجھے آفر ہوئی تھی۔ اپنے شوہر یاسرحسین کا کہنا تھا کہ  وہ اپنی مرضی سے اپنی رائے دیتے ہیں اور میں بھی۔ ہر باشعور انسان کی طرح ہم اپنی اپنی رائے رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں ایک دوسرے پر کوئی دباؤ نہیں ڈالتے۔

 اقراعزیز نے کہا کہ میں کسی چیز کا انتظار نہیں کررہی تھی کہ کچھ ثابت ہو تبھی فیصلہ کروں کیونکہ اس سے قبل میں اس کے ساتھ کام کر چکی تھی اور میں اچھا محسوس نہیں کررہی تھی۔

انہوں نے کہا اس وقت ہم اس دور میں ہیں کہ اگر کسی کو کسی کے ساتھ کام کرنا اچھا نہیں لگ رہا تو وہ باآسانی انکار کرسکتا ہے، یہ اس کا حق ہے۔

متعلقہ تحاریر