’ پسوڑی ‘ بی ٹی ایس کے’بٹر ‘کو پچھاڑ کر 2022 میں گوگل کا مقبول ترین گیت بن گیا

بی ٹی ایس کا گانا بٹر رواں سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا دوسرا گانا رہا، تیسرا نمبر بھارتی گیت چاند بالیاں کے نام رہا

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں علی سیٹھی اور شائے گل کی جانب سےپیش کیا گیا گیت پسوڑی  ہر بڑھتے دن کے ساتھ مقبولیت کی نئی بلندیوں کو چھو رہاہے۔

یہی وجہ ہے کہ 2022 میں پسوڑی  مقبول کورین بینڈ بی ٹی ایس کے شہرہ آفاق گیت’بٹر‘کو پچھاڑ کر گوگل پرسب سے زیادہ تلاش کیا جانے والا گیت بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ارجیت سنگھ نے ممبئی میں پسوڑی گاکر کنسرٹ لوٹ لیا

پسوڑی نے علی سیٹھی کو ٹائم کی 100 بااثر شخصیات کی فہرست میں جگہ دلوادی

گوگل کی جانب سے 2022 کی مقبول ترین سرچز کی عالمی فہرست میں پسوڑی کو سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا گانا قرار دیا گیا ہے۔درحقیقت اس گانے نے معروف کورین بینڈ بی ٹی ایس کے گانے بٹر کو بھی پیچھے چھوڑا حالانکہ یہ بینڈ دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبول ہے۔

بی ٹی ایس کا گانا بٹر رواں سال گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا دوسرا گانا رہا، تیسرا نمبر بھارتی گیت چاند بالیاں کے نام رہا۔ پسوڑی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام میں ٹرینڈنگ آڈیو کے طور پر بہت زیادہ استعمال کیا گیا جس کے باعث لوگوں میں اس کے حوالے سے تجسس بڑھا۔اسی وجہ سے گوگل پر اسے بہت زیادہ سرچ کیا گیا۔

گزشتہ دنوں دنیا کے مقبول ترین نشریاتی پلیٹ فارم اسپاٹیفائی نے بھی پسوڑی کو 2022 میں سب سے زیادہ سنا جانے والا پاکستانی گیت قرار دیا تھا۔10 ماہ قبل کوک اسٹوڈیو کے یوٹیوب چینل پر شیئر کیے جانے کے بعد اب تک اس گانے کو 45 کروڑ 80 لاکھ مرتبہ دیکھاجاچکا ہے جبکہ 65 لاکھ صارفین نے اس گانے کو پسند کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر