بھارت نے پاکستانی ویب سیریز”سیوک “اور وڈلی ٹی وی پر پابندی لگادی

بھارت نے تاریخی واقعات پر مبنی ویب سیریز کو اپنی قومی سلامتی، دفاع اور بین الاقوامی تعلقات کے لیے نقصان دہ قرار دیدیا۔

بھارتی حکومت نے پاکستانی ویب سیریز”سیوک: دی کنفیشنز “پر فوری طور پر پابندی عائد کرتے ہوئے اسےاپنی قومی سلامتی کے خلاف قرار دیدیا۔

مودی سرکار نے مبینہ طور پر بھارت مخالف مواد پھیلانے کے الزام میں  فلم سیوک نشر کرنے والے او ٹی ٹی  اسٹریمنگ پلیٹ فارم Vidly TV پر  بھی پابندی عائد کردی۔

یہ بھی پڑھیے

سوشل میڈیا صارف کی لالی ووڈ اور بالی ووڈ کی پدرسرانہ سوچ پر تنقید

نورا فتحی کا جیکولین فرننڈس کیخلاف ہتک عزت پر 2 ارب روپے ہرجانے کادعویٰ  

 

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات  نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ او ٹی ٹی  پلیٹ فارم پر نشر ہونے والی ویب سیریز  ہندوستان کے دفاع، ریاست کی سلامتی، ہندوستان کے   غیر ملکی ریاستوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات  اور داخلی امن کیلیے  نقصان دہ پائی گئی ۔

بھارتی وزارت اطلاعات نے اس مسترد ہونے کے جواز کے طور پر آن لائن سیریز میں مختلف عناصر کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ویب سیریز میں حساس تاریخی واقعات اور قومی اہمیت کے موضوعات پر بھارت مخالف بیانیہ پیش کیا گیا ہے۔ جن میں آپریشن بلیو اسٹار اور اس کے بعد ایودھیا میں بابری مسجد کا انہدام، گراہم نامی عیسائی مشنری کا قتل ، مالیگاؤں دھماکے، سمجھوتہ ایکسپریس دھماکے، ستلج یمنا لنک کینال سے متعلق پانی کے بین الریاستی تنازع وغیرہ شامل ہیں۔

مودی سرکار نے ویب سیریز پر پابندی کے جواز میں یہ بھی کہا ہے کہ  آپریشن بلیو سٹار کو”معصوم سکھوں کے قتل عام“ کے طور پر پیش کیا گیا،آپریشن بلیو اسٹار کے دوران پنجاب کے حالات کو جان بوجھ کر مضبوط فرقہ وارانہ انداز میں پیش کیا گیا، جس کا مطلب یہ ہے کہ فسادات اور پولیس کارروائی مذہبی خدشات کی وجہ سے کی گئی تھی۔

بھارتی وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ  پنجاب میں تمام پولیس اہلکاروں کو پگڑیوں کے بغیر دکھایا گیا ہے، جس سے یہ پیغام جاتا ہے کہ غیر سکھ پولیس والوں نے سکھ آبادی کو خالصتانی دہشت گرد قرار دیا ہے ۔

وزارت نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سیریز میں ایسے مناظر ہیں جو تاریخی واقعات کی غلط عکاسی کرتے ہیں،ویب سیریز میں مذہبی علامتوں کا استعمال کرتے ہوئے، 1984 کے سکھ مخالف فسادات کو ہندوؤں کے ذریعہ سکھوں کے خلاف ایک حملہ کے طور پر دکھایا گیاہے۔

ویب سیریز میں محسن عباس، ہاجرہ یامین، نذر الحسن، نیئر اعجاز، عدنان جعفر سمیت دیگر اداکار جلوہ گر ہوئے ہیں ۔ اس سیریز کوافسانہ نگار ساجی گل  نے تحریرکیا ہے جبکہ   معروف ہدایت کار انجم شہزاد نے ویب سیریز کی ہدایات دی ہیں  ۔

متعلقہ تحاریر