ففٹی ففٹی کے مشہور مزاحیہ اداکار ماجد جہانگیر انتقال کرگئے

صدارتی ایوارڈ یافتہ سینئر اداکار لاہور کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے، تدفین آج کراچی میں کی جائے گی،مرحوم نے آخری انٹرویو میں وسیم بادامی اور اقرار الحسن پر 10 لاکھ روپے کی امدادی رقم ہڑپ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی  )کے سنہری دور کے شہرہ آفاق مزاحیہ پروگرام”ففٹی ففٹی “ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے سینئر اداکار ماجد جہانگیر طویل علالت کے بعدلاہور میں انتقال کرگئے۔

مرحوم کی میت کو کراچی منتقل کیا جائے گااور نمازجنازہ اور تدفین آج کراچی میں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

کیا ماجد جہانگیر کی کہانی عمر شریف کی طرح ختم ہوگی؟

معروف اداکار اور کامیڈین اسماعیل تارا 73 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

80 کی دہائی میں پی ٹی وی کے مشہور مزاحیہ پروگرام ففٹی ففٹی سمیت دیگر ڈراموں میں اپنی اداکاری سے مزاح کا رنگ بھرنے والے  اداکار ماجد جہانگیر طویل علالت کے بعدخالق حقیقی سے جاملے۔

اہل خانہ کے مطابق ماجد جہانگیرکئی برس قبل فالج کے حملے کے بعد صاحب فراش تھے، ایک ماہ قبل گھر پر بیڈ سے گرنے کے باعث ان کی ریڑھ کی ہڈی کے مہروں میں  فریکچر ہوگیا تھا، انہیں سانس کا مرض بھی لاحق تھا جو شدت اختیار کر گیا تھا۔وہ لاہور کے نجی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں زیرعلاج تھے۔بیٹے فہد ماجد کا کہنا ہے کہ والد ماجد جہانگیر کی تدفین کراچی میں ہوگی۔

ماجد جہانگیر  نے 22 سالہ کیریئر میں ففٹی ففٹی کے علاوہ کئی ڈراموں اور 4 فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ففٹی  ففٹی میں شاندار اداکاری پر انہیں صدارتی تمغہ حسن کاکردگی سے بھی نوازا گیا۔

زندگی کا طویل عرصہ دوسرے کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کا سبب بننےوالے اداکار کی اپنی زندگی کا طویل عرصہ تنہائی، دکھوں اور تکالیف میں گزرا وہ اپنے علاج و معالجے کیلیے بھی پائی پائی کے محتاج ہوگئے تھے ۔گزشتہ دنوں لاہور کے  ایک یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں ماجد جہانگیر نے نجی ٹی وی کے میزبانوں  وسیم بادامی اور اقرار الحسن پر اپنی امداد کیلیے جمع کیے گئے 10 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

ماجد جہانگیر کی مالی معاونت کیلیے کچھ عرصے قبل نجی چینل اے آر وائی ڈیجیٹل  نفنڈ ریزنگ پر مدعو کیا گیا اس فنڈ ریزنگ ٹیلی تھون میں 10 لاکھ روپے کی رقم اداکار کے علاج کیلئے جمع ہوئی جبکہ اینکر وسیم بادامی نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ وہ اداکار کوایک نئی گاڑی بھی عطیہ میں دیں گے تاکہ وہ اسپتال تک باآسانی جا سکیں۔

ماجد جہانگیر نے گزشتہ دنوں اپنے آخری انٹرویو میں الزام عائد کیا تھا کہ وعدے کے مطابق  نہ تو  انہیں  گاڑی دی گئی اور نہ ہی ان کے علاج کے نام پر جمع ہونے والی رقم ملی ہے۔ اداکار نے کہا تھا  اس پروگرام کے دوران اقرار الحسن اور وسیم بادامی ایسے میرے پیروں میں بیٹھ گئے جیسے میں کوئی بہت بڑی شخصیت ہوں اور کہا کہ اسٹوڈیو میں کھڑی یہ نئی ٹویوٹا کورولا اب آپ کی ہے مگر دھوکا کیا گیا کچھ نہیں ملا۔

ماجد جہانگیر نےوسیم بادامی اور اقرار الحسن کو مخاطب کرکے کہا تھاکہ   ”   یاد رکھنا میں تمہیں اگلے جہاں جا کر پکڑ لوں گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف میں پریس کلب جا کر بھی احتجاج کرتا رہا ہوں مگر کسی نے میری بات نہیں سنی“۔

متعلقہ تحاریر