اپنے خلاف گھٹیا مہم پر اب چپ نہیں بیٹھوں گی، مہوش حیات

میرے کام پر جوچاہیں تنقید کریں لیکن کسی کو میرے کردار کوبدنام کرنے کا  حق نہیں،اداکارہ کا ناقدین کو منہ توڑ جواب

اداکارہ مہوش حیات اپنے خلاف گھٹیا سوشل میڈیا مہم پر پھٹ پڑیں۔اداکارہ نے عدالت میں پٹیشن دائر کرنے کے بعد ناقدین کو دوٹوک الفاظ میں انتباہ جاری کردیا۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ اپنے خلاف گھٹیا مہم پر اب مزید چپ نہیں بیٹھوں گی۔

یہ بھی پڑھیے

مہوش حیات نے اپنے خلاف غلیظ مہم چلانے پر سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

سندھ ہائیکورٹ کا کبریٰ خان  سیمت چاروں اداکاراؤں کیخلا ف مواد بلاک کرنے کاحکم

اداکارہ مہوش حیات نے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں لکھاکہ”آج میں ایک مضبوط پیغام دینے کے لیے عدالت گئی تھی  کہ میں مزید ان گھٹیا مہمات پر چپ نہیں بیٹھوں گی،یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے  لیکن پچھلے کچھ دنوں کے واقعات نےپستی کی نئی حدوں کوچھوا ہے“۔

اداکارہ نے کہا کہ”  میرے کام پر جو چاہیں تنقید کریں لیکن کسی کو میرے کردار کو بدنام کرنے کا حق نہیں ہے، میں خود کو کسی سیاسی کھیل میں پیادے کے طو رپر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دوں گی ۔ جب تک یہ معاملہ انجام کو نہیں پہنچ جاتا میں چین سے نہیں بیٹھوں گی“۔

مہوش حیات نے کہاکہ”مجھے خوشی ہے کہ پٹیشن  دائر ہوچکی ہے اور اس سب میں ملوث  ٹرولز سمیت بدنیتی پر مبنی جھوٹ پھیلانے والے   تمام لوگ حکام کے ذریعے جوابدہ ہوں گے“۔

انہوں نے کہاکہ”  یہ بہت شرم کی بات ہے کہ مجھے اپنی عزت اور ناموس کے تحفظ کے لیے عدالت جانا پڑا – کیا ہمارا یہی حال ہو گیا ہے؟ اداکارہ نے کہاکہ میں انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں، خاندان، دوستوں اور سب سے بڑھ کر ان تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جنہوں نے مجھےاظہار ہمدردی کے پیغامات بھیجے ہیں، انہوں نے مجھے اس مشکل وقت میں طاقت فراہم کی ہے“۔

یاد رہے کہ اداکارہ مہوش حیات نے میجر ریٹائرڈ عادل راجا کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائرکی جس پر سماعت کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ نے مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے کا حکم دے دیاہے۔

متعلقہ تحاریر