فلم پٹھان کا پہلے دن پہلا شو دیکھوں گی،سپرہٹ ثابت ہوگی، شبانہ اعظمی

ناظرین، فلمی صنعت کے اندرونی حلقوں اور تجارتی تجزیہ کاروں نے فلم پٹھان سے بالی ووڈ کی بحالی کی امیدیں لگالیں، پہلے دن 40 سے 45 کروڑ ، دنیا بھر سے 350 کروڑ آمدنی کی پیشگوئیاں

بالی ووڈ کی سینئر ادکاارہ شبانہ اعظمی بالی ووڈکنگ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان حمایت میں کھل کر سامنے آگئی۔

سینئر اداکارہ نے فلم کا پہلے دن پہلا شو دیکھنے کا اعلان کرتے ہوئے فلم کے سپر ہٹ ثابت ہونے کی پیشگوئی بھی کردی۔شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی فلم پٹھان انتہاپسندوں کی دھمکیوں اور بائیکاٹ کے اعلانات کے باوجود 25جنوری کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

برج خلیفہ سنیما میں تبدیل، شارخ خان کی فلم پٹھان کے ٹریلر کی نمائش

فلم پٹھان میں شاہ رخ خان کے بعد جان ابراہیم کی پہلی جھلک جاری

سینئر بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی نےاپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ”میں فلم پٹھان کا پہلے دن پہلا شو دیکھوں گی اور میں پیشگوئی کرتی ہوں کہ یہ فلم سپر ہٹ ثابت ہوگی،انشااللہ۔انہوں نے شاہ رخ خان کیلیے بے تحاشہ محبت کا بھی اظہار کیا۔

یاد رہے کہ فلم پٹھان کے گانے”بے شرم رنگ“ کی وڈیو میں نیم برہنہ دیپیکا پڈوکون کی جانب سے گیروے رنگ کا لباس پہننے پر انتہاپسند ہندوؤں نے شاہ رخ خان کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے اس اقدام کو ہندو مذہب پر حملہ قرار دیتے ہوئے فلم پرپابندی اور بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب بالی ووڈ کے ناظرین، فلمی  صنعت کے اندرونی حلقوں سے لے کر تجارتی ماہرین تک، سبھی نے  25 جنوری کو سینما گھروں کی زینت بننے والی فلم پٹھان کی کامیابی سے کرونا وبا کے بعد سے بحران کا شکار  بالی ووڈ کی بحالی کی امیدیں باندھ لیں۔

بالی ووڈ کے  تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش نےانڈین ایکسپریس سے گفتگو میں بتایا کہ  ہم سب جانتے ہیں کہ شاہ رخ خان چار سال بعد ایکشن اور تفریح سے بھرپورفلم کے ساتھ   اسکرین پر واپس آ رہے ہیں اور تشہیری مواد نے اپنا کام کردکھایا ہے ،لوگ فلم کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ چونکہ یہ 2023 کی پہلی بڑی ریلیز ہے، اس لیے سب کی نظریں اس پر لگی ہوئی ہیں۔ وہ امید کر رہے ہیں کہ فلم پہلے دن 40سے 50 کروڑ روپے کا بزنس کرلے گی۔

پٹھان کی ایڈوانس بکنگ 20 جنوری کو پوری آب و تاب کے ساتھ  شروع ہوئی تھی اور پہلے دن ہی  5 لاکھ سے زیادہ ٹکٹ فروخت کیے گئے تھے۔ صف اول کی تین ملٹی پلیکس چینز PVR، INOX اور Cinepolis میں 2 لاکھ سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے۔ فلم کی ریلیز کے دو دن کے بعد ان اعداد و شمار میں کئی گنا اضافہ ہونے کی امید ہے۔ ٹکٹوں کی ٹھوس پیشگی فروخت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، ترن نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ لوگ صرف بڑی اسکرین پر ایک بڑے تفریح کو دیکھنا چاہتے ہیں۔

فلم پروڈیوسر اور تجارتی ماہر گریش جوہر کا خیال ہے کہ پٹھان کے پیشگی ٹکٹوں کی فروخت نے پوری ہندی فلم برادری میں اعتماد کا احساس پیدا کیا ہے، جس نے 2022 میں عالمی سنیما اور جنوبی ہندوستان کی فلموں سے سخت مقابلے کا سامنا کرتے ہوئے جدوجہد کی۔

انہوں نے  انڈین ایکسپریس کو  بتایا کہ پٹھان کی ٹکٹوں کی پیشگی فروخت تمام فارمیٹس اور  تمام زبانوں کے لیے   لاجواب ہے،یہ نہ صرف فلم کی ٹیم کو بلکہ پوری فلمی صنعت کیلیے بہت زیادہ اعتماد کا باعث بنے گی۔انہوں نے کہاکہ  میں پٹھان کے لیے ایک شاندار آغاز کی توقع کر رہا ہوں تاہم  انہیں لگتا ہے کہ فلم کا افتتاحی دن کا مجموعہ 35سے38 کروڑ روپے کے درمیان ہوگا۔

پٹھان کی شان صرف تھیٹروں میں پہلے دن تک محدود نہیں رہے گی۔ فلمی تجارت کے ماہرین کو یقین ہے کہ یہ اپنے 5 روزہ توسیعی ویک اینڈ پر کچھ ریکارڈ توڑ مجموعے درج کرے گی۔ گریش جوہر نے مشورہ دیا کہ فلم پہلے 5 دنوں میں مقامی مارکیٹ میں 175سے200 کروڑ روپے کمائے گی اور عالمی سطح پر آسانی سے 350 کروڑ روپے کا بزنس کر لے گی۔

فلم پٹھان میں شاہ رخ، دیپیکا پڈوکون اور  جان ابراہم مرکزی کردار ادا کررہےہیں ۔فلم کے ہدایت کار سدھارتھ آنند ہیں اور اسے یش راج فلمز  کے بینر تلے تیار کی گئی ہے  ۔

متعلقہ تحاریر