پاک بحریہ کا پہلا بحری جہاز امدادی سامان کی بڑی کھیپ لے کر شام پہنچ گیا

پی این ایس نصر کاحالیہ امدادی مشن مصیبت کی گھڑی میں برادر ممالک کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے پاک بحریہ کے عزم کا ثبوت ہے۔

اسلام آباد: پاکستان نیوی کا پہلا جہاز پی این ایس نصر زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر شام پہنچ گیا۔ جہاز اس وقت شام اور ترکیہ میں انسانی ہمدردی اور ریلیف مشن پر تعینات ہے۔

اس مشن کا مقصد برادر ممالک کے زلزلہ متاثرین کو پاکستانی عوام کی طرف سے مدد فراہم کرنا ہے۔ شام کی بندرگاہ لطاکیہ پہنچنے پر  لطاکیہ کے گورنر، وفاقی وزیر تعلیم، شام میں تعینات پاکستان کے سفیر، شامی بحریہ کے سربراہ اور دیگر معززین نے جہاز کا استقبال کیا۔گرم کپڑوں، کمبل اور راشن پر مشتمل تقریباً 665 ٹن امدادی سامان شامی حکام کے حوالے کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے 

پبی میں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ کی اختتامی تقریب کا انعقاد

پنجاب اسمبلی کے انتخابات؛ نون لیگ اور پی ٹی آئی متحرک، کاغذات نامزدگی بھی جمع

مشن کمانڈر اور جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے شامی حکام سے ملاقات کے دوران قدرتی آفت کے باعث ہونے والے نقصان پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور پاکستانی عوام کی جانب سے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق پاک بحریہ قدرتی آفات کے دوران دوست ممالک کی مدد کے لیے انسانی ہمدردی اورریلیف کے مشن باقاعدگی سے کرتی ہے۔

پی این ایس نصر کاحالیہ امدادی مشن مصیبت کی گھڑی میں برادر ممالک کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے پاک بحریہ کے عزم کا ثبوت ہے۔

متعلقہ تحاریر