ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 3 اہلکار شہید ، 3 دہشتگرد ہلاک

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار بھی برآمد ہوئی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کے علاقے کھوٹی میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 3 اہلکاروں کو شہید کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فرار ہونے کے تمام ممکنہ راستوں کو سیل کردیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے عام علاقے سگو میں روک لیا گیا۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار بھی برآمد ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران۔ حوالدار محمد اظہر اقبال (عمر 42 سال سکنہ لودھراں)، نائیک محمد اسد (عمر 34 سال سکنہ خانیوال) اور سپاہی محمد عیسیٰ (عمر 22 سال سکنہ جنوبی وزیرستان) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا اپنے اعلامیے میں مزید کہنا ہے کہ علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری رہے گا۔ پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوانوں کی قربانیاں اور شہادتیں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے معروف صحافی انس مالک نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "انگور اڈا کے قریب دہشتگردوں کے حملے میں اعلیٰ افسر سمیت تین افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔”

خیبرپختونخوا کے ایک اور صحافی افتخار فردوس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "معلوم نہیں یہ نہ ختم ہونےوالی جنگ مزید کتنے لوگوں کو مارے گی۔”

ادھر خراساں ڈائری نے رپورٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "نامعلوم دہشتگردوں کے حملے میں ایک اعلیٰ سیکورٹی اہلکار سمیت تین افراد شہید ہو گئے ہیں۔”

اس طرح سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ڈیلی اسکوپ ٹی وی نے رپورٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” فوجی وفد پر انگور اڈہ کے قریب گھات لگا کر حملہ کیا گیا ہے۔”

متعلقہ تحاریر