مادر وطن کی سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج پرعزم ہے، آرمی چیف

جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا ہے۔ دورے کے دوران آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر موجود افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا ہے، کور کمانڈر راولپنڈی نے لائن آف کنٹرول پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کو 8 مقدمات میں مزید 2 ہفتے کی عبوری ضمانت مل گئی

گوجرانوالہ بار کا جسٹس فائز عیسیٰ اور جسٹس امین الدین کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کافیصلہ

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول پر تعینات فارمیشنز کی تیاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے اور زبردست آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مادر وطن کی سلامتی اور دفاع کے لیے پاک فوج پرعزم ہے۔ پاک فوج ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوج کے جوان لائن آف کنٹرول پر آباد مقامی آبادی سے ہر طرح کا تعاون کریں۔ پرعزم رہیں ، اپنے فرائض جذبے اور لگن سے ادا کرتے رہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج یو این قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کرتی ہے۔

متعلقہ تحاریر