ریاست کا محور پاکستان کے عوام ہیں، جنرل عاصم منیر

پاک فوج کے سپہ سالار نے کہاکہ فوج ہمارے عظیم قائد کے نظریے پر مکمل عمل پیرا ہے ، یہ نظریہ ذات ، رنگ ، نسل ، جنس اور علاقائی تعصب سے بالا ہے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کا محور پاکستان کے عوام ہیں ، ہماری سب سے پہلی اور سب اہم ذمہ داری ریاست پاکستان کے ساتھ وفاداری ہے ، ہمارے لیے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس اور کچھ نہیں ہے ، فوج ہمارے عظیم قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہے۔

ان خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے قرآن مجید کی سورة بقرہ کی آیت کے ایک حصے کی تلاوت کی، جس کا ترجمہ ہے ”کتنی ہی بار ایسا ہوا کہ اللہ کی مرضی سے چھوٹی قوت نے بڑی قوت کو شکست دی“۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثرکرنا چاہتا ہے، دہشتگردی کی جنگ میں عوام اور ریاست کا کلیدی کردار ہے، بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونیوالے امن کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیے 

لکی مروت میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک ، 3 جوان شہید

سابق آرمی چیف کا بیان غلط انداز میں نقل کیا گیا، دفاع وطن کیلیے ہمیشہ تیار ہیں، پاک فوج

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ دہشتگردوں اوران کے سہولت کاروں کی ملک میں کوئی جگہ نہیں، ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے ہوئے دشمن کو پہچاننا ہوگا، اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں واضح فرق روا رکھنا ہوگا، دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے، عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، عالمی برادری کو جان لینا چاہئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے بغیر علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے کہاکہ فوج ہمارے عظیم قائد کے نظریے پر مکمل عمل پیرا ہے ، یہ نظریہ ذات ، رنگ ، نسل ، جنس اور علاقائی تعصب سے بالا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ امن کے لیے ہماری کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ مادر وطن کے دفاعی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پاک فوج اپنے اس فرض منصبی کو نبھانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ افواج پاکستان کے غیور سپاہی کسی بھی دشمن کی تعداد یا وسائل سے مرغوب نہیں ہوتے۔

متعلقہ تحاریر