فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملے قابل افسوس اور ناقابل برداشت ہیں، جنرل منیر

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے 25 مئی کو یوم تکریم شہداء پاکستان کے طور پر منانے کا اعلان کردیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ملک کا قیمتی اثاثہ اور فخر ہیں۔

آرمی چیف جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہداء اور سابق فوجیوں کے اعزاز میں ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے 25 مئی کو ’’یومِ تکریم شہدا پاکستان‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیے 

زرغون چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، تین فوجی جوان شہید

سی ٹی ڈی کی پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں، 7 دہشتگرد گرفتار

آرمی چیف نے کہا کہ ہر سپاہی اور افسر صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو اپنی ترجیح کے طور پر دیکھتا ہے۔

جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فوجی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں اور ان کی عزت و تکریم پر حملے انتہائی افسوسناک ہیں ، اس طرح کے حملے ناقابل برداشت ہیں۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ایک مضبوط فوج ہی ملک کی سلامتی ، اتحاد اور بقاء کی ضمانت ہوتی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ بلاشبہ ہم فرض شناسی اور شہیدوں کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے آزاد فضا میں رہ رہے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کا ہر سپاہی اپنے فرائض کو تمام سیاسی تعصبات سے بالاتر ہوکر دیکھتا ہے۔

افواج پاکستان کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ فوج بطور ادارہ ہمیشہ اس سے وابستہ ہر فرد اور خاندان کو یاد رکھتی ہے۔ ایک خاندان کے طور پر ہمارا رشتہ قابل فخر اور مثالی ہے۔

تقریب کے اختتام پر 51 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)، 22 کو تمغہ بسالت اور دو فوجیوں کو اقوام متحدہ کے خصوصی تمغہ سے نوازا گیا۔

متعلقہ تحاریر