جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے بدھ کے روز جنوبی وزیرستان کے ضلع کوٹ اعظم میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سیکورٹی فورسز پر حملوں ، بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم چھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دہشت گرد مارے گئے۔

یہ بھی پڑھیے 

دتہ خیل میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 3 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید

فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملے قابل افسوس اور ناقابل برداشت ہیں، جنرل منیر

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کے خاتمے تک علاقے میں آپریشن جاری رہے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ آج علی الصبح شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کی تحصیل دتہ خیل میں قائم لیاقت چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے خودکش دھماکہ کیا تھا جس کے نتیجے میں تین سکیورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم چار افراد شہید ہو گئے تھے۔

شمالی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنر ریحان گل خٹک نے واقعے کی تصدیق کی تھی۔

یہ واقعہ لیاقت چیک پوسٹ پر معمول کی چیکنگ کے دوران پیش آیا جس میں دو سکیورٹی اہلکار نائیک سعید اور سپاہی جاوید سمیت ایک پولیس افسر حکیم جان شہید ہو گئے تھے جبکہ ایک شہری بھی جان کی بازی ہار گیا تھا۔

شہادتوں کے علاوہ خودکش حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے ، جن کی شناخت حوالدار منظور اور سپاہی شاکر کے ناموں سے ہوئی تھی۔

متعلقہ تحاریر