افواج پاکستان آج ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، نیول چیف

سربرہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء سے خطاب۔

اسلام آباد: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) اسلام آباد کا دورہ کیا اور نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ نیول چیف کی آمد پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مادر وطن کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کے کردار اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیے

ہائیڈروگرافی کا عالمی دن منانے کا مقصد سمندری خدوخال کو اجاگر کرنا ہے، نیول چیف

اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے کمانڈر کا نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

انہوں نے حالیہ سمندر طوفان اور گزشتہ سال ملک گیر سیلاب کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور ڈیزاسٹر ریلیف آپریشنز کے لیے افسران اور جوانوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔

اپنے خطاب میں نیول چیف نے افسروں کو دنیا بھر میں ہونے والی اہم جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں اور بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی سے باخبر اور ہم آہنگ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملٹری آپریشنز کے جدید تصور میں ہم آہنگی مرکزی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ کوئی بھی فوجی طاقت آج کی جنگ میں اکیلے کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی ، پاک آرمی اور پاک فضائیہ کے فعال تعاون سے آج ملک کو درپیش میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

نیول چیف نے کورس کے شرکاء کوحصول علم کی ترغیب فراہم کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان کا اعلیٰ ترین فوجی تربیتی ادارہ ہے جو پاکستان کی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران کو مستقبل میں اہم کمانڈ اینڈ اسٹاف کی تقرریوں کے لیے جدید پیشہ ورانہ فوجی تربیت فراہم کرتا ہے۔

متعلقہ تحاریر