سیکورٹی فورسز کی ضلع باجوڑ میں کارروائی، کمانڈر سمیت 4 دہشتگرد ہلاک
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
سیکورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں کارروائی کرتے ہوئے تین دہشتگردوں کا ہلاک کردیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع باجوڑ کے قلعہ عنایت کے عمومی علاقے میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ "آپریشن کے دوران، سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر شفیع سمیت تین دہشت گرد مارے گئے”۔
یہ بھی پڑھیے
عید پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، خاتون سمیت 9 دہشتگرد گرفتار
9 مئی واقعات: لیفٹیننٹ جنرل سمیت 3 افسران نوکری سے برخاست، ڈی جی آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ مارے گئے دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کا مشن آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔
واضح رہےکہ سیکورٹی فورسز نے 27 جون کو ضلع خیبر میں علاقے وادی تیراہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا تھا۔
جمعرات کے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے سے دہشتگردی کی لعنت کو پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔