بلوچستان کے ضلع شیرانی میں دہشتگردوں کا حملہ ، ایک ایف سی اور 3 پولیس اہلکار شہید
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شہید سیکورٹی اہلکاروں کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں دہشت گردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے۔ حملے کے نتیجہ میں ایک ایف سی اور تین پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں نے بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں حملہ کیا ، جس کے نتیجے میں چار جوان شہید ہو گئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید اہلکاروں کی شناخت اسٹیشن ہاؤس آفیسر بہادر خان، سپاہی بابر، سپاہی افضل شیرانی اور باز خان حریفال کے نام سے ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
عید پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، خاتون سمیت 9 دہشتگرد گرفتار
9 مئی واقعات: لیفٹیننٹ جنرل سمیت 3 افسران نوکری سے برخاست، ڈی جی آئی ایس پی آر
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر شیرانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملہ صبح سویرے پولیس، لیویز اور ایف سی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر ہوا۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان بابر یوسفزئی نے شیرانی دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اس بزدلانہ حملے سے امن و امان کی صورتحال کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا ہے کہ دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، پوری قوم کو سیکورٹی فورسز کی قربانیوں پر فخر ہے۔
گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے شہید سیکورٹی اہلکاروں کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔
انہوں نے اپنےبیان میں زور دے کر کہا ہے کہ "بزدل دہشت گرد اس طرح کے حملوں سے ہماری اور ہمارے فوجیوں کی حوصلہ شکنی نہیں کر سکتے۔”
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ وہ شیرانی چیک پوسٹ کے شہداء سمیت ملک کے تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔