ہوشاب میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کا حملہ، دو فوجی جوان شہید، ایک زخمی
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید میجر ثاقب حسین اور شہید نائیک باقر علی نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن عزیز پر جانیں قربان کیں۔

اتوار کے روز بلوچستان کے ضلع ہوشاب کے علاقے بلور میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں نے حملہ کرکے ایک افسر سمیت دو جوانوں کو شہید کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع ہوشاب کے علاقے بلور میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر دوران آپریشن گھات لگائے دہشتگردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت سے متعلق مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
سی ٹی ڈی پنجاب کی مختلف شہروں میں کارروائی، 9 دہشتگرد گرفتار
بلوچستان کے ضلع شیرانی میں دہشتگردوں کا حملہ ، ایک ایف سی اور 3 پولیس اہلکار شہید
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حملہ آور دہشت گردوں کا تعلق سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر فائرنگ اور ہوشاب کے مختلف علاقوں میں دیسی ساختہ بم نصب کرنے کے واقعات سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ایک گروپ نے گھات لگا کر حملہ کیا ، دہشتگردوں کے حملے کے جواب میں سیکورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقر علی نے جام شہادت نوش کیا جب کہ ایک اور سپاہی زخمی ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق "سیکورٹی فورسز، قوم کے ساتھ مل کر، بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ایسی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔”
سیکورٹی فورسز کا ڈی آئی خان میں آپریشن
ادھر ڈیرہ اسماعیل خان کے جنرل علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنرل ایریا کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ مارے گئے دہشت گردوں کے پاس سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔