عاصم منیر نے تاریخ رقم کی، دشمن کا غرور خاک میں ملادیا، فرنٹ سے لیڈ کیا

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھارتی پراکسیوں کی سرکوبی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کور کمانڈرز کانفرنس

صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سید عاصم منیر کو معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر "بیٹن آف فیلڈ مارشل” سے نواز دیا ۔ صدرمملکت کا کہناتھاکہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا‘سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز قابل فخر لمحہ ہے‘پاکستان امن کا داعی ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘ہماری افواج وطن کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتی ہیں ‘ہمارے بھر پور جواب نے دنیا پر ہماری صلاحیت ثابت کر دی ہےجبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ قوم کے بہادر سپوت فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نئی تاریخ رقم کی‘ افواج پاکستان نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملادیا‘ دس مئی کو سپہ سالار کی آواز میں بلا کا اعتماد، جوش اور ولولہ تھا ‘پاکستان نے روایتی جنگ میں اپنی برتری ثابت کر دی‘ مودی سرکار اب پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گی‘انشاء اﷲ قیامت تک جوہری ہتھیاروں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق صدرزرداری نے شہباز شریف کے ہمراہ سید عاصم منیر کو معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر "بیٹن آف فیلڈ مارشل” سے نواز دیا۔ جمعرات کو ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں مسلم لیگ ن کے سربراہ محمد نواز شریف‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ‘وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ‘خواجہ محمد آصف ‘پنجاب ‘سندھ ‘ بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ‘چاروں صوبائی گورنرز‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا ،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو ، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف ، وفاقی کابینہ کے اراکین اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں کی کثیرتعداد شریک تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرزرداری کا کہنا تھاکہ پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے ‘فیلڈ مارشل کا اعزاز دینے کی منظوری پر مجھے بہت مسرت ہوئی ہے ‘معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا ۔دشمن کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ تھی ۔اس موقع پر اپنے خطاب میں شہباز شریف کا کہناتھاکہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم کے بیٹے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی، انتہائی کم وقت میں جارح دشمن کو اپنے گھٹنوں کے بل جھکنا پڑا اور اسے زندگی بھر کیلئے سبق سکھایا گیا، ہم امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے اسی اتحاد اور عزم کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔مسلح افواج نے پاکستان کے دشمن بھارت کے تکبر اور غرور کو خاک میں ملا کر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری مسلح افواج نے نہ صرف ملکی سرحدوں کا دفاع کیا بلکہ دشمن کی سرحدوں کے اندر جا کر جنگ لڑی ۔یہ انتہائی نمایاں کامیابی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ اور بے خوف قیادت کے باعث حاصل ہوئی، انہوں نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ مسلح افواج کی قیادت کی‘اس بحران کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پرسکون اور متاثر کن قیادت کا مظاہرہ کیا جو کہ بہادری، وژن، یقین، دور اندیشی، نظم و ضبط اور عزم کی عمدہ مثال ہے۔علاوہ ازیں جمعرات کو معرکہ حق کے دوران آزاد کشمیر میں شہید ہونے والے شہریوں کے ورثا میں امدادی رقوم کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم کا کہناتھاکہ9مئی کی رات ہم نے نپا تلا حملہ کرنے کا فیصلہ کیا اور 10مئی کی صبح میری سپہ سالار سے بات ہوئی، انہوں نے بتایا کہ بھارت نے نورخان ایئربیس اور دیگر جگہوں پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے، سپہ سالار کی آواز میں بلا کا اعتماد، جوش اور ولولہ تھا اور انہوں نے مجھے کہا کہ بھارت کو ایسا تھپڑ رسید کیا جائے جو قیامت تک اسے یاد رہے، اس کے نتیجہ میں پٹھان کوٹ سے لے کر ان کا کوئی بھی ایئربیس ہمارے شاہینوں کی پہنچ اور میزائلوں کی زد سے باہر نہیں تھا، صبح 9بجے سپہ سالار کا دوبارہ فون آیا کہ انہیں پیغام دیا گیا ہے کہ بھارت سیز فائر یعنی گھٹنے ٹیکنے کیلئے تیار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے 1971ء کی شکست کا بدلہ لے لیا اور اﷲ کا شکر ہے کہ ہمیں نیوکلیئر ہتھیاروں کی دور دور تک ضرورت نہیں پڑی اور نہ ہی انشاء اﷲ قیامت تک پڑے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اتحاد و اتفاق سے اب ملک کو معاشی طاقت بنانا ہے‘ اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھیں گے تاکہ دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ کر سکے‘دن رات محنت کر کے قرضوں سے بھی چھٹکارا حاصل کریں گے۔میں آج مظفرآباد سے سرینگر کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ پاکستان کو کبھی پیچھے نہیں پائیں گے ۔

فیلڈ مارشل اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس نے پاکستان کی سلامتی ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتےہوئے کہا ہے کہ ملک دشمنوں کو تباہ کردینگے،بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھارتی پراکسیوں کی سرکوبی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔پہلگام واقعے کی آڑ میں کی جانے والی جارحیت کی ناکامی پر بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے خفیہ منصوبے پر عملد درآمد کر رہا، پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، جس کے نتیجے میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ افراد شہید ہو ئے۔فورم نے نہتے شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانے کو انسانیت کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً اور قابل مذمت خلاف ورزی قرار دیا۔کورکمانڈرز کانفرنس میں معرکہ حق کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے دوران اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شرکا کانفرنس نے فیلڈ مارشل کی اسٹریٹجک وژن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کے لیے ان کی مؤثر اور گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیا۔فورم نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارک باد پیش کی۔کورکمانڈرز کانفرنس میں اندرونی اور بیرونی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فورم نے خاص طور پر ʼمعرکہ حقʼ کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے، آپریشن ʼبنیان مرصوصʼ کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔فورم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور پاکستانی میڈیا اور "انفارمیشن وارئیرز” کو سراہا جو بھارتی پروپیگنڈے، جعلی خبروں اور جنگی جنون کے خلاف ریاست کے ساتھ قدم ملا کر کھڑے رہے۔کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے حقائق اور اعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کرتے ہوئے عوامی اعتماد کو فروغ دیا اور غلط معلومات کا تدارک کیا، فورم نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، جن کی قومی حب الوطنی اور جوش و جذبے نے نہ صرف قومی روح کو اُجاگر کیا بلکہ قومی بیانیے کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔فورم نے سیاسی قیادت کو ان کی دور اندیشی، معرکہ حق کے دوران بے مثال قیادت، پختہ یقین اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ قوم کی رہنمائی پر سلام پیش کیا اور مسلح جارحیت کے خلاف کامیابی کو ان عوامل کی مرہونِ منت قرار دیا۔کانفرنس کے شرکا نے پاکستان کے مؤثر اور بروقت دفاعی رسپانس کو مثالی اور پاکستان کی بھرپور جوابی دفاعی کارروائی کو بہترین اور واضح تزویراتی حکمت عملی کا عکاس قرار دیا۔فورم نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کی بقا کے لیے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور اعادہ کیا کہ طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔کورکمانڈرز کانفرنس میں قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں متحرک ہندوستانی حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیوں کی سرکوبی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ کیا گیا۔

متعلقہ تحاریر