انتخابی شیڈول دینے کا معاملہ: الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی پر گورنر پنجاب، چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
لاہور ہائیکورٹ کے واضح حکم کے باوجود الیکشن شیڈول جاری نہ کرنے پر گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے صوبہ پنجاب میں الیکشن شیڈول جاری کرنے کے واضح حکم کے باوجود انتخابات کا شیڈول جاری نہ کرنے پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن اور الیکشن کمیشن کے خلاف عدالت عالیہ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
سیشن کورٹ سے عمران خان کی گرفتاری کی استدعا مسترد، استثنیٰ کی درخواست منظور
اسلام آباد ہائی کورٹ سے شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد
شہری منیر احمد کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں فوری انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا اور اتوار کی رات تک انتخابی شیڈول دینا لازمی تھا تاہم عدالتی حکم کے باوجود انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت 90 روز میں الیکشن کروانا لازمی ہے اس کے مطابق 60 روز باقی رہ گئے ہیں اور الیکشن شیڈول جاری نہ ہونے سے آئینی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، گورنر اور الیکشن کمیشن آئین کے تحت ذمے داری ادا نہیں کر رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی پر گورنر پنجاب، چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔