پبلک اور ہم نیوز میں صحافیوں کی معیشت اور صحت کا استحصال
پبلک نیوز میں تنخواہیں نہیں ادا کی جارہیں جبکہ ہم نیوز میں ملازمین کی صحت کو شدید خطرات درپیش ہیں۔
پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں صحافیوں کے پیشہ ورانہ استحصال کی داستان نئی نہیں ہے لیکن اب معاشی استحصال کے ساتھ ساتھ بنیادی صحت کے معاملے میں بھی لاپرواہی نے صحافیوں کی کمر ہی توڑ ڈالی ہے۔ پبلک نیوز میں باوجود صحافیوں کے احتجاج کے کئی کئی ماہ کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جبکہ ہم نیوز میں کارکنان کے کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود اُن سے کام لیا جا رہا ہے۔
پبلک نیوز پاکستان کے نئے ٹی وی چینلز میں سے ایک ہے جسے شروع ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا ہے لیکن وہاں کے معاشی مسائل اِس قدر بڑھ گئے ہیں کہ کارکنان کی 4 سے 12 ماہ تک کی تنخواہیں واجب الادا ہیں۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنسلٹ (پی ایف یو جے) نے پبلک نیوز میں تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کے باجود تنخواہیں نا دینے پر احتجاج کیا تھا لیکن معاملہ پھر یقین دہانیوں پر ختم ہوا اور نتیجہ وہی پرانا۔ اِس معاملے پر پاکستان کے نجی ٹی وی چینل سے تعلق رکھنے والے صحافی نے لب کشائی کی ہے جو اپنے بے لاگ تبصروں کی وجہ سے مشہور ہیں۔
Media raises voice for everyone, no one speaks about media.. Workers in @PublicNews_Com are without salaries for months while Jabbar Seth and Dr. Asghar enjoy lavish lives.. Someone in this govermnet must take notice and get them their salaries.
— Adeel Raja (@adeelraja) March 18, 2021
پبلک نیوز میں ملازمین نے گذشتہ دنوں یقین دہانیوں اور وعدوں سے تنگ آکر ہڑتال کی اور انتظامیہ کو مجبوراً حالات حاضرہ کا ایک دن پرانا پروگرام چلانا پڑا۔ ایسی صورتحال میں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنسلٹ کے رہنما اور نیشنل پریس کلب کے سیکریٹری انور رضا کا تعلق بھی پبلک نیوز سے ہے لیکن اُس کے باوجود ادارے کے خلاف احتجاج کا دورانیہ اتنے گھنٹے بھی نہیں رہا جتنے ماہ کی تنخواہیں واجب ادا ہیں۔
پبلک نیوز میں جبار ٹھیکے دار اور اُن کے صاحبزادے اہم عہدوں پر فائز ہیں جن کا اِس سے قبل بھی نشریاتی ادارے چلانے کا تجربہ ہے لیکن اُس کے باوجود پبلک ٹی وی معاشی بحران کا شکار ہے جہاں تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہی ہیں۔
چینل پر چلنے والے اشتہارات کو دیکھا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ ادارے کی معاشی حالت اتنی بری نہیں ہے جتنی دکھائی جا رہی ہے۔ پبلک نیوز میں ملک کے نشریاتی اداروں میں معتبر نام یوسف بیگ مرزا بھی کام کر چکے ہیں لیکن وہ معاون خصوصی بننے کے بعد بظاہر ادارے سے الگ ہوگئے ہیں۔
صحافی عدیل راجہ کے ٹوئٹ کے مطابق ادارے کے انتظامی و معاشی معاملات زیادہ تر ڈاکٹر اصغر چلاتے ہیں جو ادارے کے ایگزیٹیو ڈائریکٹر ہیں جن کے بارے میں مشہور ہے کہ اُن کی پہنچ دور تک ہے۔
Correction: Dr. Asghar is Executive Director of Public News. Owners are Jabbar and his son Jawad. https://t.co/cBOWJgBaXd
— Adeel Raja (@adeelraja) March 19, 2021
اداروں کے کرتا دھرتاؤں کے نام سوشل میڈیا پر آنے کے بعد وہاں کام کرنے والے صحافیوں نے اپنے طور پر مالکان کا دفاع کرنا شروع کردیا ہے۔
فواد خورشید جو نیوز چینل کے سربراہ ہیں اُنہوں نے ڈاکٹر اصغر کے بارے میں صفائی پیش کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا جس میں اُن کے عہدے کے بارے میں وضاحت کی گئی تھی۔ ایک اور سینئر صحافی عامر متین نے بھی اِس کام میں اپنی آواز شامل کی ہے۔
Maligning Dr Asghar is a despicable act, it shows malafide and ignoble intentions, he is our advocate and is doing this on personal cost. https://t.co/lbnWGD5fOM
— Fawad Khurshid (@fawadkhurshid) March 19, 2021
اِس کے بعد نامور صحافی اور حالات حاضرہ کے شو کے میزبان ارشد شریف بھی میدان میں کود پڑے اور اُنہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سینیئر صحافی بحائے لوگوں کی تنخواہوں کے معاملے کو اجاگر کریں اور استحصال میں شامل افراد کے خلاف آواز بلند کریں وہ اُن کا دفاع کررہے ہیں۔
Surprise! Media professionals defensing some Dr Asghar Haider who is management’s representative and part of the exploitation. Hope they raise voice for workers rather than defending their “friend” as a human being who is part of an organization exploiting journalists. https://t.co/fVJi0ENJXd
— Arshad Sharif (@arsched) March 19, 2021
ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ پبلک نیوز کو سرکاری اشتہارات کے تیسرے درجے سے بہتر کر کے دوسرے درجے پر ترقی دی گئی ہے لیکن اِس بات کی تصدیق یا تردید وزارت اطلاعات نے نہیں کی ہے۔
پبلک ٹی وی کی ڈی ایس این جیز کو اس وقت تک پریس کلب میں بند کر دینا چاہیے جب تک ورکرز کی تنخواہیں ادا نہیں کی جاتی۔ @adeelraja
— Abid Jamal Qazi (@AbidJamalQazi) March 19, 2021
یہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب حکومت خود قانون منظور کرانا چاہتی ہے کہ اُن اداروں کو سرکاری اشتہارات نہیں دیے جائیں جو اپنے ملازمین کو وقت پر تنخواہیں نا ادا کریں۔
حال ہی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اویس توحید، بتول راجپوت اور دیگر کئی میزبان ادارے کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ جبکہ رؤف کلاسرا نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ اُنہوں نے پبلک نیوز کو کیوں چھوڑا ہے؟
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کے ایک اور نیوز چینل ہم نیوز میں بھی صورتحال قدرے مختلف ہے جہاں تنخواہوں کا معاملہ نہیں ہے لیکن ملازمین کی صحت کو شدید خطرات درپیش ہیں۔ ہم نیوز کے ایک کارکن نے نام نا ظاہر کرنے کی شرط پر نیوز 360 کو بتا یا ہے کہ ادارے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر پر بالکل عمل نہیں ہو رہا ہے اور وہاں پورا عملہ روزانہ دفتر آتا ہے۔ اِس کے علاوہ وہاں 2 روز کے دوران 10 ملازمین کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں لیکن اُس کے باوجود انتظامیہ کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی اور عملے کو کام پر بلایا جارہا ہے۔
اِس سے قبل بھی ہم نیوز کے صدر دفتر میں 7 افراد میں ایک ساتھ کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ ادارے میں موجود سینئر صحافی اور صحافتی تنظیمیں اِس پر بھی خاموش ہیں اور ہم نیوز انتظامیہ اِس معاملے سے یکسر انکار کر رہی ہے کہ وہاں اتنی بڑی تعداد میں ملازمین میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
ہم نیوز کے ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ ادارے کے ڈائریکٹر نیوز عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور دفتر نہیں آرہے تھے جس کی وجہ سے وہاں افرادی قوت اور حالات حاضرہ کے شعبے کے افراد کا اثر و رسوخ بڑھ گیا تھا جو ملازمین کو بیماری کے دوران چھٹیاں نہیں دے رہا تھا۔