پاکستان کو بدنام کرنے کا الزام: ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن سے معاہدہ منسوخ
فاؤنڈیشن پر بیرون ملک سے بھاری فنڈز وصول کرنے کا الزام ہے جن کو پاکستان کا نام بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

حکومت پاکستان کی وزارت برائے اقتصادی اُمور نے "ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن” (ڈی آر ایف) کی سربراہ نگہت داد کے ساتھ طے کردہ معاہدے کو فوری طورپر منسوخ کردیا ہے۔
حکومت پاکستان اور اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) نے ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن کی سربراہ نگہت داد کے ساتھ ایک میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ کو (ڈی آرایف) کے خلاف غیر ملکی فنڈز میں کرپشن کے الزام میں مقدمہ درج ہونے کی وجہ سے منسوخ کیا ہے جس میں ان پرلاکھوں ڈالرغبن کرنے کا الزام ہے، جبکہ ان پر بیرون ملک سے کثیر فنڈز وصول کرنے کا الزام ہے جسے مبینہ طور پر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو نام بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
اے کے ڈی سکیورٹیز اور اوانزا سولیوشنز کے درمیان معاہدہ
وزارت برائے اقتصادی امور سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایم او یو کو ختم کیا جا رہا ہے کیونکہ این جی او کے پیش کردہ منصوبوں کی ٹائم لائن کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ نگہت داد پاکستانی وکیل اور انٹرنیٹ کی سرگرم کارکن ہیں جو ایک غیر منافع بخش تنظیم ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن چلاتی ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکورٹی کے شعبہ میں کام کرنے کی وجہ سے وہ کئی بین الاقوامی اعزازات حاصل کر چکی ہیں، حال ہی میں، امریکی جریدے، ‘ٹائم میگزین‘ نے ‘نیکسٹ جنریشن لیڈر’ کی ایک فہرست جاری کی ہے، جس میں پاکستانی خاتون نگہت داد کا نام بھی شامل ہے، ان کی انہی کاوشوں پر، ٹائم میگزین کی جانب سے نگہت کو ‘اگلی نسل کا لیڈر‘، قرار دیا گیا ہے۔