پاکستان کے مایہ ناز کامیڈین عمرشریف انتقال کرگئے

دو روز قبل عمر شریف کو علاج کی غرض سے ائیر ایمبولینس کے ذریعے پاکستان سے امریکا منتقل کیا جارہا تھا

پاکستان کے معروف اداکار اور کامیڈین عمرشریف  دل کے عارضہ میں مبتلا تھے، ان کے اہل خانہ نے ان کے علاج کے لئے حکومت سے اپیل کی تھی کہ ان کو امریکہ منتقل کرنے کے لئے  اقدامات کئے جائیں  جس پر سندھ حکومت نے ان کے امریکہ میں علاج معالجہ کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دو روز قبل عمر شریف کو علاج کی غرض سے ائیر ایمبولینس کے ذریعے پاکستان سے امریکا منتقل کیا جا رہا تھا کہ طویل سفر اور تھکاوٹ کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں داخل کروانا پڑا جہاں وہ آج انتقال کرگئے۔

عمرشریف 19 اپریل1955 کو کراچی میں  کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے، انھوں نے  اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا ، ان کا اصل نام محمد عمر تھا لیکن  مصر سے تعلق رکھنے والے ہالی وُڈ کی کئی ایک کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر عالمی شہرت حاصل کرنے والے مصری فنکار مِشیل دمتری شالُوب  جنہوں نے 1962ء میں  عالمی شہرت یافتہ   فلم  لارنس آف عربیہ میں بہترین اداکاری پر آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا اور پھر وہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد اپنا نام عمر شریف رکھا، عمر شریف نے ان کے کام سےمتاثر ہوکر اپنا نام ان کے نام پر رکھا  اور پھر عمر شریف کامیابیوں کی بلندیوں  تک پہنچ گئے۔

عمر شریف نے سنہ 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے  جو نا صرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھی انتہائی مقبول ہوئے ، انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔ع1992 میں عمرشریف کو بہترین اداکار اورڈائریکٹر کا ایوارڈدیا گیا جبکہ انھیں بہترین کارکردگی پرتمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

شہنشاہ  مزاح  عمر شریف  کے انتقال پر  پاکستان  ہی نہیں دنیا بھر سے مداحوں نے افسوس کا اظہا رکیا ہے ،معروف بھارتی کامیڈین  کپل شرما نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عمر شریف کی تصویر شیئر کرتے ہوئےلکھا الوداع لیجنڈ  ،

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی  پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری، سینیٹر فیصل واوڈ، وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل،  گورنرسندھ عمران اسماعیل،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وفاقی وزیر سید امین الحق، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر اظہار افسوس  کرتے ہوئے   اہل خانہ سے   تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔صادق سنجرانی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

متعلقہ تحاریر