ڈاکٹر نوشین اور ڈاکٹر نمرتا کماری  کے کیس میں چونکا دینے والا انکشاف

ڈاکٹرنوشین کے جسم اورکپڑوں سے ملنے والے ایک مرد کے ڈی این اے  کے نمونےڈاکٹر نمرتا کماری کے جسم  اور کپڑوں سے ملنے والے نمونوں سے مماثل نکلے،فرانزک رپورٹ

لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج کی طالبہ ڈاکٹر نوشین شاہ کے ڈی این اے رپورٹ میں چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے۔

ڈاکٹر نوشین شاہ کے جسم  اور کپڑوں  سے ملنے والے ایک مرد کے ڈی این اے  کے نمونے  اس سے قبل 2019 میں مبینہ خودکشی کرنے والی ڈاکٹر نمرتا کماری کے جسم  اور کپڑوں سے ملنے والے نمونوں سے مماثل نکلے۔

یہ بھی پڑھیے

چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ سے فائنل ایئر کی طالبہ کی لاش برآمد

تحریک انصاف کی رہنما لیلیٰ پروین پر ملیر کورٹ میں وکلا کا بہیمانہ تشدد

روزنامہ جنگ اور جیونیوز کے مطابق جامشورو کی فارنزک اور مالیکیولر لیبارٹری نے ڈاکٹر نوشین کے ڈی این اے سیمپل کی جاری کردہ رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق ڈی این اے کے لیے ڈاکٹر نوشین شاہ کے جسم،کپڑوں اور گلے میں پھندا لگی ہوئی رسی کے نمونے لیے گئے،جسم اور کپڑوں سے ملنے والے نمونوں کا ایک ڈی این اے ڈاکٹر نمرتا کماری کے جسم اور کپڑوں سے ملنے والے ڈی این اے سے مشابہت رکھتا ہے، مشابہت رکھنے والا ڈی این اے ایک مرد کا ہے جسے مزید جانچ کے لیے محفوظ کردیا گیا ہے۔

اس رپورٹ کے آخر میں ایس ایس پی لاڑکانہ سے یہ سفارش کی گئی ہے کہ ایسے مرد جوکہ گرلز ہاسٹل سے منسلک ہوں یا پھر ان کا گرلز ہاسٹل میں آنا جانا ہو ایسے افراد کے خون کے نمونے لے کر جانچ کے لیے بھجوائے جائیں۔

واضح رہےکہ لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج کی ڈاکٹر نوشین شاہ کی گزشتہ سال 24 نومبر میں چانڈکا میڈیکل کالج گرلز ہاسٹل کے کمرے سے پنکھے سے لٹکی ہوئی لاش ملی تھی جب کہ ڈاکٹر نمرتا کماری کی لاش 16ستمبر 2019 میں آصفہ ڈینٹل کالج کے گرلز ہاسٹل کے کمرے سے ملی تھی جس کے گلے پر نشانات تھے۔

متعلقہ تحاریر