مسلم لیگ ن نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو قربانی کا بکرا بنالیا
حکومت نے چاروں مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان مفتاح اسماعیل سے کروایا، قیمتیں کم کرنے کا موقع آیا تو مریم نواز نے جلسے میں خوشخبری کا عندیہ دیا اور وزیراعظم نے خود قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا

حکمراں جماعت مسلم لیگ ن نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو قربانی کا بکرا بنالیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چاروں مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان مفتاح اسماعیل سے کروایا اور جب قیمتیں کم کرنے کی باری آئی تو پہلے مریم نوا ز سے جلسے میں اعلان کروایا اور پھرخود ٹی وی پر آکر قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیے
شہباز حکومت نے پٹرول 100 روپے مہنگا کرنے کے بعد 18.5روپے سستا کردیا
حکومت کو آئی ایم ایف ڈیل کی کامیابی کیلیے لوہے کے چنے چبانا ہونگے
ناقدین نے دہرا معیار اپنانے پر وزیراعظم شہبازشریف اور مریم نواز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جب حکومت نے 4 مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا اعلان مفتاح اسماعیل سے کرواکے انہیں تنقید کا نشانہ بنوایا تو قیمتوں میں کمی کا اعلان بھی مفتاح اسماعیل سے ہی کروانا چاہیے تھا۔
یاد رہے کہ موجودہ حکومت نے رواں سال 26 مئی اور 3 جون کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں 30،30 روپے فی لیٹر جبکہ 15جون کو پٹرول 24.03 روپے اور ڈیزل 59.16 روپے مہنگاکرنے کا اعلان کیا بعدازاں یکم جولائی کو پھرپٹرول14 روپے 85 پیسے اور ڈیزل13 روپے 23 پیسے مہنگا کردیاگیا۔
اہم بات یہ ہے کہ ان تمام مواقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے خود قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرنے کے بجائے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کو آگے رکھا اور جب قیمتیں کم کرنے کی باری آئی تو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے جلسے میں اعلان کروایا اور پھر خود ٹی وی پر آکر قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔
ناقدین نے مریم نواز کی جانب سے جلسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنانے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ مریم نواز کس حیثیت سے حکومتی فیصلوں کا اعلان کررہی ہیں؟۔









