عمران خان کا قاتلانہ حملے کے باوجود جھکنے سے انکار، آج پھر لانگ مارچ کا اعلان

رات گئے آپریشن کرکے عمران خان کی ٹانگ سے گولی نکال دی گئی، تحریک انصاف کی قیادت کا آج 11 بجے سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان، آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلیے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب،عمران خان آخری سانس تک پاکستانیوں کیلیے جدوجہد جاری رکھنا چاہتے ہیں، سینیٹر فیصل جاوید

تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز وزیرآباد میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے باوجود پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا،عمران خان نے آج پھر آزادی مارچ کاا علان کردیا۔

تحریک انصاف کا لانگ مارچ آج صبح 11 بجے وزیرآباد سے اسلام آباد کیلیے روانہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے

وزیرآباد:پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں فائرنگ ، عمران خان سمیت 5 افراد زخمی

اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے 39 نکاتی بیان حلفی تھما دیا

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر گزشتہ شا م وزیرآباد میں لانگ مارچ کے دوران قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔لانگ مارچ میں مرکزی کنٹینر پر فائرنگ کے نتیجے میں عمران خان، فیصل جاوید خان اور احمد ناصر چٹھ سمیت 13 افراد زخمی اور ایک کارکن معظم جاں بحق ہوگیا تھا۔

واقعے کے بعد چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کو فوری طور پر شوکت خانم اسپتال جبکہ دیگر زخمیوں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔عمران خان کو دائیں ٹانگ پر ایک سے زائد گولیاں لگی تھیں۔

شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز نے رات گئےعمران خان کا آپریشن  کرکے ان کی ٹانگ موجود گولی اور دیگرذرات نکال دیے، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دریں اثنا قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے باوجود سابق وزیراعظم نے اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا ہے اورتحریک انصاف کی قیادت نے  آج صبح 11 بجے پھر لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عمران خان نے لانگ مارچ کی آئندہ کی حکمت عملی مرتب کرنے کیلیے آج پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا ہے۔

گزشتہ رات شوکت خانم اسپتال میں پارٹی چیئرمین سے ملاقات کرنے کے بعد سینیٹر فیصل جاوید خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ عمران خان قاتلانہ  حملے کے باوجود اپنی آخری سانس تک  پاکستانیوں کیلیے جدوجہد جاری رکھنا چاہتے ہیں اور قاتلانہ حملے کے بعد حقیقی آزادی کی جدوجہد نئی شکل اختیارکرلےگی۔

دوسری جانب گزشتہ روز پارٹی قائد پر قاتلانہ حملے کے بعد کراچی، لاہور،پشاور،فیصل آباد،ملتان سمیت ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور شدیداحتجاج کیا۔ مشتعل کارکنوں نےسڑکوں پر  ٹائر نذرآتش کیے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک معطل کردی۔ اس موقع پر وفاقی حکومت،وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ اور فوجی قیادت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

تحریک انصاف کے کارکنوں کا سرشام شروع ہونے والا احتجاج رات گئے تک جاری رہا جس کے باعث دفاتر سے لوٹنے والے شہریوں میں اپنی منزل تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کراچی سمیت کئی شہروں میں مرکزی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام رہا البتہ رات گئے مظاہرے اور دھرنے ختم کردیے گئے۔

متعلقہ تحاریر