انجینئرنگ کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، وفاقی وزیر احسن اقبال
انجینئرز کی صورت میں ملک کو مستقبل فراہم کررہے ہیں، پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی
وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ پلاننگ پروفیسر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ انجینئرنگ کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی کی قیادت میں این ای ڈی دن بہ دن ترقی کررہی ہے جو کہ دیگر جامعات کے لیے مثالی نمونہ ہے،جامعہ این ای ڈی پاکستان کی عظیم جامعہ ہے جو کہ آپ انجینئرز کی صورت میں ناصرف تعلیمی بلکہ ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کررہی ہے، آپ انجینئر نوجوان اس صوبے ہی کا نہیں پاکستان کا مستقبل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ پروفیسر احسن اقبال چوہدری، شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے این ای ڈی یو نی ورسٹی میں شعبہ سول کی توسیع اور کمپیوٹر سسٹم اینڈ انفارمیشن کی عمارت کے افتتاح کے موقعے پر کیا۔
یہ بھی پڑھیے
جامعہ کراچی اور ہمدرد یونیورسٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
ڈی ای او دادو کو بااثر گھوسٹ ملازمین کیخلاف کارروائی مہنگی پڑگئی
شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کاممنون ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم دوستی ہی ملک سے دوستی ہے۔ جامعہ سو برس سے انجینئرز کی صورت میں ملک کو دوست اور مستقبل فراہم کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انجینئرنگ کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں،آپ انجینئرنوجوان اس صوبے ہی کا نہیں پاکستان کا مستقبل ہیں، پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی کی قیادت میں این ای ڈی دن بہ دن ترقی کررہی ہے جو کہ دیگر جامعات کے لیے مثالی نمونہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر سروش لودھی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں جو بہترین انداز سے جامعہ چلارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جامعہ این ای ڈی پاکستان کی عظیم جامعہ ہے جو ناصرف تعلیمی بلکہ ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کررہی ہے۔
انجینئرطالبات سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو نوجوانوں سے بہت اُمیدیں ہیں۔ ملک، آپ پر انوسٹ کررہا ہے تو شادی کے بعد بھی اپنی پیشہ وارانہ ذمے داری نبھائیں یا معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کریں یہ آپ پر ہے۔
افتتاح کے موقعے پرصدر آئی پی فرحت عادل، چیٔرمین آئی ای پی سہیل بشیر، ریجنل ڈائریکٹر ایچ ای سی سندﮪ جاوید علی میمن، سیکریٹری آئی ای پی انجینئر امیر ضمیر اور پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، رجسٹرار سید غضنفر حسین، ڈائریکٹر سروسز وصی الدین، ڈپٹی رجسٹرار خالد مخدوم، کنٹرولر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر علی حسن اور ایکٹنگ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اشفاق احمد خان موجود تھے۔
جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق 750.697 ملین کی لاگت سے تعمیرشدہ شعبہ سول اور شعبہ کمپیوٹر انفارمیشن کی عمارات کے افتتاح سمیت وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ احسن اقبال چوہدری کو فائر ٹیسٹنگ لیب سمیت این ای ڈی کی تیار کردہ الیکٹرک بائیکز بھی دکھائی گئیں.