ارشد شریف کے ورثا کا’نسٹ‘کو ابلاغ عامہ کے طلبہ کیلیے 2مستقل نشستوں کا عطیہ
یہ عطیہ’ارشد شریف انڈوومنٹ فنڈ‘ کے نام پر ہے جو فیسوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنے والے ماس کمیونی کیشن کے سال اول کے2 طلبہ کواپنے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے قابل بنائے گا، انتظامیہ
معروف پاکستانی صحافی،مصنف اور اینکر شہید ارشد شریف کے خاندان نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے شعبہ ابلاغ عامہ کو طلبہ کیلیے 2 مستقل نشستیں عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ) نے اپنے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کامسیٹس یونیورسٹی میں انگریزی کے پرچے میں بیہودہ سوال پوچھنے والا استاد برطرف
ماہر تعمیرات ماروی مظہر نے سندھ کے تعلیمی ڈھانچے میں خامیوں کی نشاندہی کردی
نسٹ کی انتظامیہ نے شہید ارشد شریف کےخاندان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاہے کہ”یہ عطیہ’ارشد شریف انڈوومنٹ فنڈ‘ کے نام پر ہے جو فیسوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنے والے ماس کمیونی کیشن کے سال اول کے2 طلبہ کواپنے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے قابل بنائے گا “۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وقف کردہ نشستیں شہید شریف کی صحافت میں نمایاں خدمات اور ان کے قابل ذکر کام کی میراث کو زندہ رکھنے میں ایک یادگاری خراج عقیدت ثابت ہوں گی۔
یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ ہم اس فراخدلانہ عطیہ کے تہہ دل سے مشکور اور مقروض ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ یہ پاکستان میں آنے والے رپورٹرز اور میڈیا اینکرز کے لیے امید کی کرن کا کام کرے گا جو اس اعلیٰ تعلیمی ادارے میں اپنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
تحقیقاتی صحافت میں شہید ارشد شریف کی مہارت اور قومی اور بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے لیے ملک کے کئی سیاسی واقعات کی کوریج نے انہیں میدان میں ایک ممتاز شخصیت بنا دیا اور صحافت اور رپورٹنگ کیلیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں صدر مملکت عارف علوی نے انہیں 23مارچ 2019کو تمغہ حسن کاکردگی سے نواز ا ۔