چینی کی متبادل گولیوں کا زیادہ استعمال جان لیوا ہوسکتا ہے، امریکی تحقیق

صفر حرارے والی گولیوں میں موجود کیمیائی مرکب”اریتھریٹال“ خون میں لوتھڑوں کا سبب بنتا ہے جو دل اور دماغ میں جاکر فالج اور دل کے دورے کا خطرہ دوگنا کردیتے ہیں، کلیو لینڈ کلینک لرنر ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں دوران تحقیق حادثاتی دریافت میں انکشاف

امریکا میں ہونے والی حالیہ طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ چینی کے متبادل کے طور پر صفر حرارے والی گولیوں کے زیادہ استعمال سے خون میں لوتھڑے بننے،فالج ، امراض قلب سمیت  موت کا خطرہ بڑھ سکتا ہے  ۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کلیو لینڈ کلینک لرنر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ چینی کے متبادل سمجھے جانے والے سویٹنرز میں موجود کیمیائی مرکب ”اریتھریٹال“ کے استعمال سے خون کے لوتھڑے بننے، فالج، ہارٹ اٹیک اور موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت نے 20 دوائیں سستی کردیں،مریضوں کوماہانہ 75ہزار روپے کا ریلیف ملے گا

ڈریپ نے بخار کے علاج میں استعمال ہونے والا انجکشن غیر معیاری قراردیدیا

خیال رہے کہ دنیا بھر میں چینی کی متبادل سمجھی جانے والی سویٹنر پراڈکٹس میں زیادہ تر اریتھریٹال کا ہی استعمال ہوتا ہے کیونکہ یہ کیمیائی مرکب مصنوعی مٹھاس کو بڑھانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والے عناصر جیسے ذیابیطس کے شکار افراد اگر اس کیمیائی مرکب پر مبنی مصنوعات کا استعمال کرتے ہیں، تو ان میں فالج اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ دوگنا بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کےمطابق اس کیمیائی مرکب کے باعث خون کے پلیٹلیٹس زیادہ آسانی سے لوتھڑوں میں تبدیل ہونے لگتے ہیں، یہ خون کےلوتھڑے دل میں جاکر ہارٹ اٹیک اور دماغ میں جاکر فالج کا سبب بن سکتے ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ دریافت حادثاتی طور پر ہوئی کیونکہ ہم اس مقصد کے لیے تحقیقی کام نہیں کر رہے تھے۔یہ تحقیق بنیادی طور پر لوگوں کے خون میں ایسے مرکبات یا کیمیکلز کو تلاش کرنے کے لیے تھی جو ہارٹ اٹیک، فالج یا موت کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے انہوں نے ایسے افراد کے 1157 خون کے نمونوں کا تجزیہ کیا جن میں امراض قلب کا خطرہ موجود تھا۔اس تجزیے کے دوران انہوں نے اس کیمیائی مرکب کو دریافت کیا۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر میڈیسن میں شائع ہوئے اور محققین نے مشورہ دیا کہ لوگوں کو اریتھریٹال  پر مبنی مصنوعی مٹھاس کا استعمال کم مقدار میں کرنا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر