طلبہ کی جھوٹ موٹ کی شادی کے انعقاد پر لمز کو تنقید کاسامنا

مذاق میں بھی نکاح ہو جاتا ہے، دیگر جامعات میں طلبہ کوانٹم مکینکس اور تھرمو ڈائنامکس پڑھ رہے ہیں اور لمز کے طلبہ مجرے کررہے ہیں، ٹرولز کے جلے کٹے تبصرے

لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز ( لمز) میں طلبہ کو جھوٹ موٹ کی شادی کا انعقاد مہنگا پڑگیا۔

ٹوئٹر  پر تقریب کی وڈیو وائرل ہونے کے  لمز اور اس کے طلبہ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

لمز کی تقریب میں بھارتی فلمی کرداروں کا روپ اپنانے پر طلبہ کو تنقید کاسامنا

کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ لمز کے انٹری ٹیسٹ میں شدید بدنظمی

لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ سائنسز (لمز)  آئے روز کسی نہ کسی تنازع کے باعث خبروں کی زینت بنتی رہتی ہے۔گزشتہ دنوں بالی ووڈ ڈے منانے پرلمز کے طلبہ پر ہونے والی تنقید ابھی ختم نہیں ہوئی تھی کہ طلبہ کی جھوٹ موٹ کی شادی کی وڈیوز سامنے آگئیں۔

ایک صارف نے ٹوئٹر پروڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ لمز میں سالانہ جھوٹ موٹ کی شادی کا انعقاد کیا گیا جس میں 2 سینئرز کا انتخاب کرکے انہیں دلہا دلہن بنایا گیا اور خوب مزہ آیا۔

وڈیو میں جھوٹ موٹ کے دلہا دلہن کو طلبہ کے ساتھ ناچتے گاتے اور موج مستی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔تقریب میں  شادی کی مختلف رسومات کی ادائی اور رخصتی کے مناظر بھی شامل ہیں۔

تاہم تفریح کے طور پر منعقد کی گئی اس تقریب کی وجہ سے لمز اور اس کے طلبہ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ ٹرولز نے اس وڈیو کو جلے کٹے تبصروں سے نوازا ہے۔

ایک صارف نے لمز کا مخفف بگاڑے ہوئے لکھا”لاہور یونیورسٹی آف میراسیز اینڈ شرابیز“۔ایک اور صارف نے لکھا کہ مذاق میں بھی نکاح ہو جاتا ہے، پاکستان کے تعلیمی اداروں نے کیا مزاق لگا رکھا ہے،خاص طور سے اس ادارے نے تو اسلامی اور معاشرتی شعائر کی دھجیاں اڑانے کا مکمل ٹھیکہ لیا ہوا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ دیگرجامعات میں لوگ کوانٹم مکینکس اور تھرمو ڈائنامکس کے بارے میں پڑھ رہے ہیں اور یہ لوگ مجرا کرنے میں مصروف ہیں۔

ایک صارف لکھا کہ بالی ووڈ نے ہماری نسل کو تباہ کردیا ہے،ہم درجہ بندی میں کہاں کھڑے ہیں، دنیا کی 500 صف اول کی جامعات میں ہماری ایک بھی جامعہ شامل نہیں ہے، دوسری طرف انڈیا کو دیکھیں وہ چین اور امریکا سے مقابلہ کررہے ہیں، میں جامعات میں تقریبات کا مخالف نہیں ہوں لیکن ہمیں اصل مقصد پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

متعلقہ تحاریر