ملک میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا
بنوں میں 3 سالہ بچے میں دائمی معذوری کا سبب بننے والے وائرس کی تصدیق، پولیو کیس ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی اداروں کی ٹیمیں پولیو کے خاتمے کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلیے پاکستان میں موجود ہیں
پاکستان میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا۔ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں 3 سالہ بچہ دائمی معذوری کا سبب بننے والی بیماری کا شکار ہوگیا۔وزارت صحت نے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کردی ۔
رواں سال کا پہلا پولیو کیس ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی (ایف اے ڈی) اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے وفود اس بیماری کے خاتمے کی کوششوں کا تجزیہ کرنے کے لیے پاکستان میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے سیوریج کے نمونوں میں 14 ماہ میں پہلی بار پولیو وائرس کی تصدیق
خیبر پختونخوا میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ، 2 پولیس کانسٹیبل شہید
جمعے کو وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ایف اے ڈی اور بی ایم جی ایف کے وفود نے وفاقی وزیر صحت سے ملاقات کی جس میں پولیو کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سماجی تحفظ اور صحت میں تعاون کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) برائے پولیو کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ اس بات کی نشاندہی کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں کہ آیا بچے کو قطرے پلائے گئے یا والدین نے قطرے پلانے سے انکار کیا تاہم یہ واضح ہے کہ بچہ مکمل طور پر محفوظ نہیں تھا اور اسی وجہ سے وائرس نے حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ رواں سال کا پہلا کیس ہے جو پانچ ماہ کے وقفے کے بعد سامنے آیا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے رمضان اور عید میں قبائلی اضلاع سے شہری علاقوں میں متوقع نقل و حرکت کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔
حکام اب 10 اپریل سے قبائلی اضلاع میں ویکسینیشن مہم کا منصوبہ بنا رہے ہیں کیونکہ اس وقت سیکیورٹی اہلکار ڈیجیٹل مردم شماری میں مصروف ہیں۔این ای او سی کے سربراہ نے کہا کہ جنوبی خیبرپختونخوا میں سات اضلاع ہیں جن میں ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، ٹانک، بنوں، جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان شامل ہیں جہاں یہ وائرس موجود ہے۔ان علاقوں بھرپور انداز میں ویکسی نیشن مہم چلانے کی ضرورت ہے۔
یہ علاقہ 2022 میں وائرس کا مرکز تھا اور تمام 20 کیسز جنوبی خیبرپختونخواکے اضلاع سے رپورٹ ہوئے تھے۔ ان میں سے 17 کا تعلق شمالی وزیرستان، دو کا لکی مروت اور ایک کا جنوبی وزیرستان سے ہے۔