کرونا کے سائے میں اسلام آباد میں میوزک کنسرٹ کا انعقاد
کنسرٹ کے دوران شائقین کی جانب سے کرونا ایس او پیز کی کھلے عام خلاف ورزی کی گئی۔
کرونا وائرس کے تاریک سائے اور تیسری لہر کے دوران میوزک کنسرٹ کا انعقاد خطرے کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ ایک جانب وزارت تعلیم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات پر پنجاب کے 7 بڑے شہروں میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے اسکولز بند کر دیے ہیں تو دوسری جانب اسلام آباد میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں کرونا وائرس کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باوجود وفاقی دارالحکومت کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ ذائقہ فیسٹیول کے آخری روز میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جبکہ کراچی میں ہونے والے معروف گلوکار عاطف اسلم کے میوزک کنسرٹ کو شہری انتظامیہ نے آخری وقت میں منسوخ کرا دیا۔
اسلام آباد میں ہونے والے میوزک کنسرٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور پاکستان ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین گلوکار ابرارالحق، گلوکار امانت علی اور گلوکار بلال سعید سمیت کئی دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
میوزک کنسرٹ میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کنسرٹ کے دوران شائقین نے کرونا سے متعلق احتیاطی تدابیر کی کھلی خلاف ورزی کی۔ ماسک بھی نہیں پہنے گئے اور سماجی فاصلے کو بھی نظر انداز کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
کرونا کی تازہ لہر، اسکولز اور تفریحی مقامات کھولنے پر نظر ثانی ممکن
دوسری جانب کراچی میں ہونے والے گلوکار عاطف اسلم کے کنسرٹ کو روک دیا گیا ہے۔ پروگرام کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے مطلوبہ مقام پر اجازت نہ ملنے کی وجہ سے میوزک کنسرٹ ملتوی کیا ہے۔‘
کراچی کے ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی ارشاد سودھار کا کہنا ہے کہ ’حکومت کی جانب سے کرونا ایس او پیز کے تحت شام 6 بجے تک تمام اقسام کے پارکس کو بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کی وجہ سے کنسرٹ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔‘
پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے اسلام آباد میں میوزک کنسرٹ کے انعقاد کی مذمت کی ہے۔
This is very disappointing to be having live concerts with so many people while we are still not free of COVID. Cases are on the rise again and we are experiencing a deadly 3rd wave. Let’s please act responsibly.🙏 Remember.. Jaan hai to jahaan hai ! https://t.co/3OQFBaoBdt
— Mehwish Hayat TI (@MehwishHayat) March 14, 2021
اسلام آباد نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے طنزیہ پیغام میں کہا ہے کہ ’کرونا کو تعلیم دی گئی ہے کہ تم نے صرف اسکولز اور دیگر تعلیمی اداروں کا رخ کرنا ہے۔‘
Live music event in #Islamabad last night
Carona is educated. It only comes in schools and educational institutes, all other places are #Carona free? pic.twitter.com/g8vVsU6DEN
— Islamabad (@Islaamabad) March 14, 2021
اتوار کو ہونے والے میوزک کنسرٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر کے ایک صارف عمر قریشی نے لکھا کہ ’سنیچر کے روز وفاقی دارالحکومت میں 345 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔‘
A concert held in Islamabad on Saturday – on a day when 345 new Coronavirus cases were reported in Pakistan’s capital https://t.co/t6xiqqQY4x
— omar r quraishi (@omar_quraishi) March 14, 2021
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر اور اُن کے اہل خانہ کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے لیکن اُس کے باجود وفاقی دارالحکومت جیسے شہر میں ایسی بد احتیاطی حکومتی غیر سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔