پاکستان میں کرونا ویکسین کی فراہمی پر عدم مساوات کے خدشات

پاکستان میں ویکسین کا سرکاری پروگرام سست رفتاری کا شکار ہے۔

پاکستان میں کوویڈ 19 کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گذشتہ روز کرونا سے 118 اموات نے تو خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے وبا کی تیسری لہر کے دوران پیش آنے والی سنگین صورتحال پر رپورٹ جاری کردی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے جنوبی ایشیا میں کرونا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کردیا۔

کرونا وبا نے دنیا بھر میں تباہی مچادی ہے۔ صورتحال کسی طور قابو میں نہیں آرہی ہے۔ پاکستان میں گذشتہ روز کرونا نے 118 افراد کو موت کی نیند سلادیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گذشتہ روز ملک میں کوویڈ 19 کے 4 ہزار 318 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 76 ہزار 34 تک جاپہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

این سی او سی کا مکمل لاک ڈاؤن کا مشورہ

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے پاکستان میں وبا کی تیسری لہر کے دوران پیش آنے والی سنگین صورتحال پر رپورٹ جاری کردی ہے۔

سی این این کے مطابق پاکستان میں اسپتال وبا کے مریضوں سے بھرتے جارہے ہیں جبکہ ویکسین کی فراہمی میں تاخیر اور محدود فراہمی کے باعث سرکاری ویکسینیشن پروگرام بھی سست رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کا شمار ان چند ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے نجی اداروں کو ویکسین کی درآمد اور فروخت کی اجازت دے رکھی ہے جس سے عدم مساوات کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے نجی اداروں کے لیے ویکسین کی 2 خوراکوں کی قیمت 12 ہزار روپے مقرر کررکھی ہے۔

کرونا ویکسین
Xinhua

پاکستان رواں ماہ چین کی کینسو بائیو ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں درآمد کرئے گا جبکہ روس پاکستان کو جلد اسپوٹنک فائیو ویکسین کی ڈیڑھ لاکھ خوراک فراہم کرنے کا اعلان کرچکا ہے۔ اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ کینسو بائیو اور اسپوٹنک فائیو پاکستان کو عطیہ کی جائیں گی یا پاکستان اسے خریدے گا۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے انڈیا اور بنگلہ دیش سمیت ایشیا میں کرونا کی تیسری لہر پر تشویش کا اظہار کردیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا وبائی مرض کے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے۔ وبا کو قابو کرنے کے اقدامات اور احتیاط واضح کرنے کے باجود 16 مہینوں بعد ایسی صورتحال کی توقع نہیں کررہے تھے۔

یہاں یہ بات اہم ہے کہ انڈیا میں مذہبی کنبھ میلہ سجنے والا ہے جس میں دنیا بھر سے ہندوؤں کی ایک بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ اس میلے کے بعد انڈیا میں کرونا کی کیا صورتحال دیکھنے میں آئے گی یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

واضح رہے کہ کرونا وبا سے اب تک دنیا میں 29 لاکھ سے زائد اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

متعلقہ تحاریر