جعلی فائزر ویکسین کی فروخت کا انکشاف

میکسیکو کے کلینک میں 80 افراد کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی جعلی خوراکیں لگائی گئیں۔

میکسیکو اور پولینڈ میں کرونا کی وباء سے بچاؤ کی ویکسین کی جعلی خوراکیں فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکی دواساز کمپنی فائزر نے دونوں ممالک میں کمپنی کے نام سے جعلی ویکسین فروخت کیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔

کوویڈ 19 وائرس نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہر کوئی جلد از جلد وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانا چاہتا ہے۔ ایسے میں نوسربازوں کی چاندی ہوگئی ہے۔ مختلف ممالک میں کرونا سے بچاؤ کی جعلی ویکسین کی خوراکیں فروخت کی جارہی ہیں۔

امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق فائزر نے تصدیق کی ہے کہ گذشتہ دنوں پولینڈ اور میکسیکو میں ضبط کی گئی ویکسین کی مشتبہ خوراکیں جعلی تھیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ میکسیکو کے کلینک میں 80 افراد کو ویکسین کی جعلی خوراکیں لگائی گئی ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ کلینک میں ہر شخص سے ایک خوراک کی ایک ہزار امریکی ڈالرز قیمت وصول کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

گریٹا تھنبرگ کا غریب ممالک میں کرونا ویکسین کے لیے عطیہ

جعلی ویکسین کے گروہ کو پکڑنے کے لیے میکسیکو پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔ اس حوالے سے متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ سائبر کرائم پولیس کے مطابق جعلی ویکسینز کا کاروبار سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس کے ذریعے چلایا جارہا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے گذشتہ ماہ میکسیکو میں فائزر ویکسین کی جعلی خوراکیں ملنے کے حوالے سے خبردار کیا تھا۔

واضح رہے کہ میکسیکو میں روسی کرونا ویکسین اسپٹنک-5 کی ان 6 ہزار خوراکوں کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے جو کہ پچھلے ماہ ہنڈراس جانے والے نجی طیارے سے قبضے میں لی گئی تھیں۔

متعلقہ تحاریر