کراچی میں پاکستان کا سب سے بڑا ویکسینیشن سینٹر قائم

ویکسینیشن سینٹر میں 12 رجسٹریشن کاؤنٹرز، 6 بلاکس اور 96 کیوبیکلز بنائے گئے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ سندھ میں ملک کا سب سے بڑا کرونا ویکسینیشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے جس کا افتتاح وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کیا ہے۔

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قائم ماس ویکسینیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر این سی او سی حکام، پارلیمانی سیکریٹری قاسم سراج سومرو، سیکریٹری صحت کاظم جتوئی اور دیگر بھی موجود تھے۔ پاکستان کے سب سے بڑے اس ویکسینیشن سینٹر میں یومیہ 25 سے 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔

یہ بھی پڑھیے

بجٹ ہے لیکن سندھ میں انفیکشس ڈزیزز اسپتال نہیں

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ صوبے میں ویکسینز کی دستیابی کے ساتھ ویکسینیشن سینٹرز بھی بڑھائے جا رہے ہیں۔ 16 مئی سے تمام افراد کے لیے ویکسینیشن کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ اب 40 سال سے کم عمر کے افراد بھی ویکسین لگوا سکیں گے۔ لوگوں کی طرف سے کرونا ایس او پیز کو اہمیت نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے وباء پھیلنے کا زیادہ امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق سے ملنے والی ویکسین کے علاوہ ہم نے وفاق سے بات کی ہے۔ سندھ رقم دینے کے لیے تیار ہے۔ وفاق طے شدہ داموں پر ویکسین خرید کر دے۔ ہم چاہتے ہیں ویکسین کی فوری دستیابی کی بنیاد پر جلد اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگا سکیں۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ ویکسین رجسٹریشن کے مرحلے میں مسائل کی صورت میں ویکسینیشن سینٹر آئیں۔ ہمارا عملہ آپ کی رجسٹریشن کر کے ویکسین لگا دے گا۔ سندھ میں کوویکس، ایسٹرا زیینیکا، سائنو فارم اور کین سائنو ویکسین لگائی جائیں گی۔ کراچی میں ضلع شرقی میں کرونا کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ عوام اس ویکسینیشن سینٹر سے فائدہ اٹھائیں۔ این سی او سی میں فیصلہ ہوا ہے کہ رواں سال کے آخر تک پورے ملک کے لیے ویکسین کی 7 کروڑ خوراکیں مہیا کی جائیں گی۔

ماس ویکسینیشن سینٹر کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا جہاں عملہ 3 اوقات کار میں کام کرے گا۔ ہر شفٹ میں 360 ہیلتھ کیئر ورکرز اپنی خدمات فراہم کریں گے۔ ویکسینیشن سینٹر میں 12 رجسٹریشن کاؤنٹرز، 6 بلاکس اور 96 کیوبیکلز بنائے گئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر