مرحوم قاضی واجد مرکر بھی امر ہوگئے

سوشل میڈیا پر قاضی واجد کی تصویر والے کرونا ویکسین کے پوسٹرز پر ٹرولنگ کی جارہی ہے۔

پنجاب حکومت نے دنیا سے کوچ کرجانے والے فنکاروں کو بھی کرونا ویکسین لگانا شروع کردی ہے۔ لاہور کی مختلف شاہراہوں پر حکومت کی جانب سے لگائے گئے کرونا ویکسین سے متعلق آگاہی پوسٹرز میں قاضی واجد کی تصویر کا استعمال کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ٹرولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں لوگوں کو کرونا وبا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔ اب تک پورے ملک میں صرف ایک فیصد شہری ایسے ہیں جنہیں کرونا ویکسین لگ چکی ہے لیکن شاید ان ایک فیصد شہریوں میں دنیا سے کوچ کرنے والے بھی شامل ہیں۔ پنجاب حکومت نے اس فانی جہاں سے رخصت ہونے والوں کے لیے بھی کرونا ویکسین لگوانے کی سہولت مہیا کررہی ہے۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار قاضی واجد کا انتقال سال 2018 میں ہوچکا ہے لیکن یہ بات شاید پنجاب حکومت کے علم میں اب تک نہیں آئی ہے۔ لاہور کی مختلف شاہراہوں پر حکومت کی جانب سے لگائے جانے والے کرونا ویکسین سے متعلق آگاہی پوسٹرز میں قاضی واجد کی تصویر کو استعمال کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

حضوری باغ میں کرونا ویکسین کی آڑ میں موج میلہ؟

سوشل میڈیا پر لاہور کے کرونا ویکسین پوسٹرز پر ٹرولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چند صارفین نے اس غلطی کو حکومت کی نااہلی سے تعبیر کیا۔

دوسری جانب کمشنر لاہور نے پوسٹرز میں ہونے والی غلطی کا نوٹس لیتے ہوئے قاضی واجد کے اہل خانہ سے معافی مانگی ہے۔

متعلقہ تحاریر