کرونا کی شرح 3 فیصد سے بھی کم لیکن عوام غیر سنجیدہ

24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد سے بھی کم رہی۔

ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی آنے لگی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد سے بھی کم رہی ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں تقریباً 3 لاکھ افراد نے کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے کے بعد دوسری خوراک نہیں لگوائی۔

پاکستان میں کرونا وائرس کی تیسری لہر نے خوب تباہی مچائی ہے، متعدد افراد وباء کی لپیٹ میں آکر جان گنوا بیٹھے لیکن اب ایک عرصے بعد وباء کے کیسز میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے صرف 1383 کیسز سامنے آئے۔ اس حساب سے کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 9 فیصد رہی جو کہ 4 ماہ کی کم ترین شرح ہے۔

یہ بھی پڑھیے

وزارت صحت کی کرونا ویکسین سے موت کی تردید

دوسری جانب ملک میں اب بھی ایک ایسا طبقہ موجود ہے جو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین پر عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں تقریباً 3 لاکھ افراد کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے کے بعد دوسری لگوانے نہیں آئے۔

خیال کیا جارہا ہے کہ کچھ شہری ویکسین کی خوراک لگوانے کے بعد کرونا کا شکار ہوئے ہوں گے اسی وجہ سے دوسری خوراک نہ لینے کا فیصلہ کیا ہوگا۔ چند افراد ممکنہ طور پر ویکسینیشن کے منفی پروپیگنڈے کا شکار بھی ہوئے ہوں گے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں اب تک کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی کُل 82 لاکھ 63 ہزار 763 خوراکیں دی جاچکی ہیں۔

این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک نہ لگوانے والوں سے رابطے کرنے اور انہیں سمجھانے کے لیے کال سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔

ادھر سائنٹیفک ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر جاوید کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین کی ایک خوراک 55 فیصد قوت مدافعت دیتی ہے اس لیے دوسری خوراک لگوانا لازمی ہے۔

متعلقہ تحاریر