ایکسپو ویکسینیشن سینٹر کے انتظامی امور سے عوام مطمئن

شہریوں نے حکومتی اقدام کو قابل تعریف قرار دیا ہے۔

کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قائم پاکستان کے سب سے بڑے ویکسینیشن سینٹر میں شہریوں کی بڑی تعداد روزانہ کی بنیاد پر کرونا ویکسین لگوانے آرہی ہے۔ اس حوالے سے بہترین انتظامی امور دیکھنے میں آرہے ہیں۔

ایکسپو سینٹر کراچی میں 24 گھنٹے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا عمل جاری رہتا ہے۔ انچارج ایکسپو ویکسینیشن سینٹر ڈاکٹر انیلا نے بتایا کہ یہاں روزانہ 50 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا انتظام مکمل کرلیا گیا ہے۔ ڈاکٹر انیلا کے مطابق ویکسین لگوانے کے لیے جو شہری یہاں آتے ہیں وہ مطمئن ہو کر جاتے ہیں جس کی وجہ سے عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہوا ہے۔

ویکسینیشن سینٹر میں ہر وقت ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق ویکسین لگوانے والے شہریوں کو آدھے گھنٹے تک سینٹر میں ٹھہرایا جاتا ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں مریض کو فوری طور پر طبی امداد دی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیے

ایک کروڑ افراد کی ویکسینیشن ہوگئی، 21 کروڑ باقی

نمائندہ نیوز 360 سے گفتگو میں شہریوں نے ویکسینیشن سینٹر کے انتظامی امور کو سراہا۔ عوام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ویکسین کے مضر اثرات سے متعلق جو خبریں پھیلائی گئی ہیں ان میں کوئی صداقت موجود نہیں ہے۔

ایکسپو سینٹر میں ویکسینیشن کے لیے آنے والے افراد نے حکومتی اقدام کی تعریف کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ویکسین لگوانے کا مشورہ دیا۔

متعلقہ تحاریر