کراچی کے ایک ہی خاندان میں ڈیلٹا ویریئنٹ کے 9 کیسز

لیاری جنرل اسپتال کے ڈاکٹر انجم ریحان کے مطابق تمام متاثرہ افراد کو کرونا آئی سی یو وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں انڈین ڈیلٹا ویریئنٹ کی خطرناک قسم سے ایک ہی گھر کے 9 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔ تمام متاثرہ افراد کو لیاری جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

لیاری جنرل اسپتال کے کرونا آئی سی یو وارڈ کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر انجم ریحان کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد میں میاں بیوی، بچے اور دیگر افراد شامل ہیں۔ متاثرہ خاندان ملیر کا رہائشی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اسلام آباد میں کرونا رسک الاؤنس نہ ملنے پر طبی عملے کا احتجاج

نیوز 360 کے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر انجم ریحان کا کہنا تھا کہ تمام افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ لیاری جنرل اسپتال میں کرونا آئی سی یو میں 42 وینٹی لیٹر ہیں جو کرونا کے مریضوں سے بھرگئے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر انجم ریحان کا کہنا تھا کہ ایچ ڈی یو کے 130 بستروں میں سے 100 بھرچکے ہیں، عوام کو چاہیے کہ احتیاط اپنائیں اور حکومتی ہدایات کے مطابق کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ ڈاکٹر انجم ریحان کے مطابق کرونا آئی سی یو سینٹر شہید محترمہ بے نظیربھٹو میڈیکل کالج کے ماتحت چل رہا ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے 9 افراد میں انڈین ڈیلٹا ویریئنٹ کی تصدیق کی ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ خاندان وائرس کا شکار کیسے ہوا۔

نیوز 360 کے نامہ نگار کے ذرائع کے مطابق خاندان کے کچھ افراد دبئی سے آئے ہیں جن سے وائرس منتقل ہونے کی وجہ بتائی جارہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں ایک مرتبہ پھر بڑھتے ہوئے کرونا وائرس کے کیسز کے پیش نظر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ وباء سے بچنے کے لیے عوام پر مکمل طور پر کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان اس میں 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد کی تعداد 2 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ ہے، جبکہ کرونا وائرس پھیلنے کی شرح بھی سب سے زیادہ 50 سے زائد عمر کے افراد میں دیکھنے میں آئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ 2 کروڑ 70 لاکھ میں صرف 56 لاکھ بزرگوں نے ویکسین کی خوراک حاصل کی ہے جن میں سے 20 فیصد نے صرف ایک خوراک لگاوائی ہے۔

اپنے پیغام میں اسد عمر نے 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد سے خصوصی طور پر ویکسینیشن کی درخواست کی ہے۔

متعلقہ تحاریر