کلفٹن ڈرائیو تھرو ویکسین سینٹر پر عوام کا رش

اداکار اعجاز اسلم نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگوانے کا مشورہ دیا۔

کراچی کے علاقے کلفٹن میں ڈرائیو تھرو ویکسین سینٹر پر عوام کا رش لگ گیا۔ شہری بڑی تعداد میں گاڑیوں میں بیٹھ کر ویکسین لگوانے کے لیے سینٹر پہنچ گئے۔

کراچی میں کرونا کی بڑھتی ہوئی شرح اور ویکسین سینٹرز پر رش کے باعث سندھ حکومت کی جانب سے ڈرائیو تھرو ویکسین سینٹر لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جے ایس بینک اور عیسیٰ لیبارٹری کے تعاون سے کلفٹن میں بنائے گئے ڈرائیوو تھرو ویکسین سینٹر پر ویکسین لگانے کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ شہریوں نے گاڑی میں بیٹھ کر ویکسین لگوانے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شہری بڑی تعداد میں ڈرائیو تھرو ویکسین سینٹر کا رخ کررہے ہیں۔

اداکاروں کی جانب سے بھی حکومتی اقدام کو سراہا جارہا ہے۔ نمائندہ نیوز360  عبدالقادر منگریو نے سینٹر میں موجود اداکار اعجاز اسلم سے خصوصی گفتگو کی۔ معروف اداکار نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگوانے کا مشورہ دیا۔

یہ بھی پڑھیے

ویکسینیشن سینٹرز پر شہریوں کا رش، ایس او پیز کی خلاف ورزیاں جاری

ڈرائیو تھرو ویکسین سینٹر کے اندر داخل ہونے کے بعد گاڑیاں 5 لائنوں میں کھڑی ہوجاتی ہیں۔ سینٹر میں 15 سے زائد ویکسینیشن کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں بیک وقت 15 گاڑیوں کے اندر بیٹھے لوگوں کو ویکسین لگائی جاتی ہے۔ کلفٹن کا ڈرائیو تھرو ویکسین سینٹر شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک کھلا رہتا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق سی ویو ڈرائیوو تھرو ویکسین سینٹر پر عوام کے مثبت ردعمل کی وجہ سے شہر میں مزید ڈرائیو تھرو ویکسین سینٹرز بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب شہریوں نے سندھ حکومت سے بائیک تھرو ویکسین سینٹر کا مطالبہ کردیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد بائیک چلاتی ہے لہٰذا ان کے لیے بھی اس قسم کی سہولت متعارف کرائی جائے۔

متعلقہ تحاریر