این سی او سی کا کرونا کیخلاف 500 دن کی شاندار کارکردگی پر جشن

ادارے کی کامیابی پر مشتمل دستاویزی فلم عزم عالیشان جاری کردی گئی۔

پاکستان میں کرونا وائرس سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بنائے گئے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی تکمیل کے 500 دن مکمل ہوگئے ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے ادارے کی کامیابی پر مشتمل دستاویزی فلم عزم عالیشان جاری کردی۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف نے ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد اس مہلک بیماری کی روک تھام اور ملک میں بروقت کرونا ویکسین کی فراہمی کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے نام سے ادارا قائم کیا گیا جس میں سیاستدان، ڈاکٹرز اور پاک فوج کے اسپیشل آفیسرز شامل ہیں۔

این سی او سی کے ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلوں اور دنیا بھر سے بروقت ویکسین کی فراہمی کے باعث پاکستان اب تک اس مہلک وائرس سے زیادہ متاثر ہونے سے محفوظ رہا ہے۔ این سی او سی کی بدولت ہی پاکستان کو ترقی پذیر ممالک میں سب سے زیادہ وائرس پر کنٹرول کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اس سال بھی جشن آزادی کرونا کے سائے میں

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی تکمیل کے 500 دن مکمل ہونے پر وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دستاویزی فلم جاری کردی ہے جبکہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھی اس ویڈیو کو اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کیا ہے۔ اپنے بیان میں اسد عمر نے لکھا کہ دستاویزی فلم میں ان تمام پہلوؤں کا ذکر کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کرکے پاکستان نے اس عالمی وبا کا مقابلہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں این سی او سی کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے ہماری حکمت عملی کی دنیا تعریف کررہی ہے، این سی او سی کی ٹیم نے پاکستان کو کرونا کے مہلک ترین اثرات سے بچایا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ این سی او سی کا ملک میں کرونا کے خلاف جنگ میں مرکزی کردار رہا ہے۔ 500 دنوں میں ٹیم کی کارکردگی قابل تعریف ہے، ہم قوم کی خدمت کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر