لاہور میوزک فیسٹیول میں کرونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑ گئیں
گلوکاروں نے اپنی آواز سے شرکاء کو جھومنے پر ایسا مجبور کیا کہ سب کرونا وبا کو بھلا بیٹھے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے کالاشاہ کاکو میں میوزک فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں کرونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دی گئیں۔ میوزک میلے میں مشہور گلوکار عارف لوہار، ملکو اور نصیبو لال نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں کرونا کیسز کی شرح پھر اوپر جارہی ہے۔ طبی ماہرین صورتحال پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں، لاہور میں صورتحال کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ ایسے میں تقریبات سے اجتناب کرنے کے بجائے لاہور کے علاقے کالا شاہ کاکو میں واقع نجی ہاؤسنگ اسکیم اقبال گارڈن میں میوزک میلے کا انعقاد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
گلوکاری سے اپنے ملک کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں، گلوکار حق نواز
میوزک میلے میں کرونا ایس او پیز کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء کی اکثریت نے نہ ماسک لگائے نہ سماجی فاصلے کا خیال رکھا۔ کرونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر انتظامیہ نے بھی آنکھیں بند کرلیں۔
میوزک گالا میں عارف لوہار اور نصیبو لال سمیت مشہور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ مشہور گائیک ملکو نے اپنی آواز سے شرکاء کو جھومنے پر ایسا مجبور کیا کہ سب کرونا وبا کو بھلا بیٹھے۔