لاہور، اسلام آباد سمیت7 شہروں میں پولیو وائرس کی تصدیق

راولپنڈی، پشاور، بنوں، نوشہرہ اور سوات  کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس پایا گیا، لاہور، اسلام آباد کو مارچ 2021 میں پولیو فری قرار دیا گیا تھا، دوبارہ کیسز سامنے آنے کاخطرہ

 حکومت کی جانب سے پولیو وائرس کو جنوبی خیبرپختونخوا تک محدود کرنے کے دعوؤں کے برعکس ملک کے 7 بڑے شہروں کےماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

 اسلام آباد اور لاہور سے 16 ماہ کے وقفے کے بعد جمع کیے گئے سیوریج کے نمونوں میں بھی یہ وائرس رپورٹ ہوا۔ مارچ 2021 میں دونوں شہروں کو پولیو سے پاک قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 9 افراد جان کی بازی ہار گئے

امریکا میں ملازمت کرنیوالے پاکستانی ڈاکٹرز کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

انگریزی روزنامہ ڈان کے مطابق قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، پشاور، بنوں، نوشہرہ اور سوات  کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

اہلکار نے بتایا کہ یہ نمونے 18 سے 20 جولائی کے دوران   اکٹھے کیے گئے اور جانچ کے لیے پولیو وائرولوجی لیب  بھیجے گئے تھے۔اہلکار نے کہا کہ چونکہ یہ وائرس دوبارہ اسلام آباد اور لاہور تک پہنچ گیا ہے، ہمیں ساتوں شہروں سے پولیو کیسز کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نےایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت وائرس کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس نے اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان ساتوں شہروں میں وائرس پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں  ۔ انہوں نے  والدین سے اپیل کی کہ ہر پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں۔

Facebook Comments Box